• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں چند دنوں کیلئے اضافے کا امکان

اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں چند دنوں کیلئے  ایک بار پھر اضافے کا امکان، پٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 1.54روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 4.79 روپے کا اضافہ متوقع۔ تفصیلات کے مطابق عالمی جغرافیائی سیاسی کشیدگی میں اضافے اور بین الاقوامی تیل کی قیمتوں میں تیزی سے بڑھتے رجحان کے درمیان، پاکستان میں، جو پہلے ہی سیلاب کی تباہ کاریوں کا شکار ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 16 ستمبر 2025 سے اگلے پندرہ دن کیلئے ایک اور اضافے کا امکان ہے۔ سرکاری اندازوں کے مطابق پٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 1 روپے 54 پیسے کا اضافہ متوقع ہے، جس سے نئی قیمت 266 روپے 15 پیسے فی لیٹر ہو جائے گی، جو موجودہ 264 روپے 61 پیسے فی لیٹر سے 0.6 فیصد زیادہ ہے۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل، جو ٹرانسپورٹ اور زرعی شعبے کا بنیادی ایندھن ہے، کی قیمت میں فی لیٹر 4 روپے 79 پیسے کے اضافے کا امکان ہے، جس سے اس کی قیمت 269 روپے 99 پیسے سے بڑھ کر 274 روپے 78 پیسے فی لیٹر ہو جائے گی، یعنی 1.8 فیصد کا اضافہ۔ اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت میں فی لیٹر 3 روپے 06 پیسے اضافے کا امکان ہے، جس سے اس کی نئی قیمت 179 روپے 87 پیسے ہو جائے گی، جبکہ لائٹ ڈیزل آئل ، جو بنیادی طور پر صنعتی مشینری میں استعمال ہوتا ہے، کی قیمت میں فی لیٹر 3 روپے 68 پیسے اضافے کا خدشہ ہے، جس کے بعد یہ 163 روپے 44 پیسے فی لیٹر ہو جائے گی، یعنی 2.3 فیصد اضافہ۔ ملکی سطح پر ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ عالمی صورتحال کی عکاسی کرتا ہے، جہاں سپلائی میں خلل اور سفارتی کشیدگی کی وجہ سے خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔

اہم خبریں سے مزید