واشنگٹن (جنگ نیوز)روسی تیل خریداری بند کریں ،ٹرمپ کا نیٹو ممالک پر دباؤ، امریکی صدر کا کہنا ہےہم ماسکو پر نئی پابندیاں لگانے پر تیارہیں بشرطیکہ تمام نیٹو ممالک روسی تیل لینا بند کریں۔تجزیہ کاروں کے مطابق روس پر سخت پابندیاں عالمی تیل قیمتیں بڑھا سکتی ہیں۔ دوسری جانب یوکرین جنگ روکنے میں ناکامی پر ٹرمپ پر تنقیدکی جارہی ہے، صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکہ روس پر نئی توانائی پابندیاں عائد کرنے کے لیے تیار ہے، لیکن یہ قدم اس وقت اٹھایا جائے گا جب تمام نیٹو ممالک روسی تیل کی خریداری بند کریں اور اسی نوعیت کے اقدامات کریں۔ واشنگٹن نے حالیہ ہفتوں میں اپنے اتحادیوں پر دباؤ بڑھایا ہے کہ وہ ماسکو کے خلاف سخت پابندیاں لگائیں تاکہ یوکرین کی جنگ ختم کی جا سکے۔ٹرمپ کو اس معاملے پر اندرونِ ملک بھی تنقید کا سامنا ہے کیونکہ وہ بار بار روس کو مہلت دیتے رہے ہیں مگر عملی اقدامات نہ اٹھا سکے۔ ایک حالیہ سروے کے مطابق 54 فیصد امریکی سمجھتے ہیں کہ ٹرمپ روس کے ساتھ حد سے زیادہ قریبی تعلقات رکھتے ہیں۔ تجزیہ کار خبردار کرتے ہیں کہ روسی تیل پر سخت کٹوتیاں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کا باعث بن سکتی ہیں، جس سے مغربی معیشتیں دباؤ میں آ جائیں گی۔روس کے سب سے بڑے خریدار چین اور بھارت ہیں، لیکن نیٹو رکن ترکی بھی تیسرا بڑا خریدار ہے، جبکہ ہنگری اور سلوواکیہ جیسے ممالک بھی روسی تیل خرید رہے ہیں۔