نیویارک ( جنگ نیوز )نیویارک سٹی کے میئر کیلئے ڈیموکریٹک امیدوار زہران ممدانی نے کہا ہے کہ اگر وہ منتخب ہوئے تو اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہوکی شہر آمد پر نیویارک پولیس ڈپارٹمنٹ کو ہدایت دیں گے کہ وہ انہیں گرفتار کرے۔دوسری طرف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یقین ظاہر کیا ہے کہ ممدانی نیویارک کے میئر بننے میں کامیاب ہوجائیں گے، ٹرمپ نے ان کی ممکنہ جیت کا سبب عوام کی بغاوت سے تعبیر کیا ہے۔ایک امریکی اخبار کو انٹرویو میں اپنی انتخابی مہم کے وعدے کی مزید تفصیلات پیش کرتے ہوئے زہران ممدانی نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو ’’جنگی مجرم‘‘ قرار دیا جو غزہ میں نسل کشی کے ذمہ دار ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر نیتن یاہو نیویارک کا دورہ کریں تو وہ بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) کے جاری کردہ وارنٹ کا احترام کریں گے اور پولیس کو حکم دیں گے کہ انہیں ہوائی اڈے پر ہی گرفتار کر لیا جائے۔قانونی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ایسا اقدام تقریباً ناممکن ہوگا اور اس سے وفاقی قانون کی خلاف ورزی بھی ہو سکتی ہے۔یاد رہے کہ نیویارک میئر کا الیکشن 4 نومبر کو ہوگا جس میں ڈیموکریٹک ممدانی کا مقابلہ ری پبلکن کرٹیس سیلوا، سابق گورنر اینڈریو کومو اور میئر ایریک ایڈمز سے ہوگا۔امکان ہے کہ موجودہ میئر ایرک ایڈمز الیکشن سے دستبردار ہوجائیں گے۔