ریاض/اسلام آباد (شاہدنعیم/نیوزرپورٹر ) وزیراعظم محمدشہبازشریف کا سعودی عرب پہنچنے پر غیرمعمولی استقبال ‘وزیراعظم کا طیارہ جیسے ہی سعودی فضائی حدود میں داخل ہوا تو سعودی ایف 15 لڑاکا طیاروں نے وزیراعظم کے طیارے کو اپنے حصار میں لے لیا۔شہباز شریف کی سعودی شاہی دیوان، قصر یمامہ آمد پر شاہی پروٹوکول کے ساتھ گھڑ سواروں نے استقبال کیا۔شہبازشریف کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ریاض میں ملاقات ہوئی جس میں مشرق وسطیٰ کی تازہ صورتحال اورفلسطین سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال جبکہ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا‘ سرمایہ کاری کے نئے مواقعوں کی تلاش، توانائی منصوبوں اور خطے کے امن و استحکام پر تفصیلی گفتگو کی گئی‘ دونوں رہنماؤں نے قطر پر اسرائیلی حملے کی ایک پھر مذمت کی جبکہ عالمی برادری سے مسلہ فلسطین کے حل، غزہ کی سنگین صورتحال کو بہتر بنانے اور اسرائیلی جرائم کو روکنے کے حوالے سے اقدامات کرنے پر زور دیا۔شہزادہ محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں امن اور خوشحالی کے لیے مسئلہ فلسطین کا حل ناگزیر ہوچکا ہے جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان مسئلہ فلسطین پر ریاض کے ساتھ کھڑاہے ‘ملاقات میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف،فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر سمیت دیگر اہم شخصیات شریک تھیں ۔ شہباز شریف کے سعودی عرب کے دورے کے حوالے سے مشترکہ اعلامیہ جاری کردیاگیا ہے جس کے مطابق پا کستان اور سعودی عرب کے در میان دفاعی تعاون کا معاہدہ طے پاگیا ہے‘ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، نے ریاض کے ال یمامہ پیلس میں وزیر اعظم کا استقبال کیا۔