• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپر فور مرحلہ آج سے شروع، ہاتھ نہ ملانے والے بھارت سے پاکستان کے کل دو، دو ہاتھ

دبئی (عبدالماجد بھٹی) ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ سپر فور مرحلے کا آغاز ہفتے سے دبئی میں سری لنکا اور بنگلہ دیش کے میچ سے ہورہا ہے ۔ پاکستانی کشتی نے ہچکولے کھانے کے بعد سپر فور مرحلے میں جگہ بنائی ہے جہاں اب غلطی کی گنجائش نہیں ۔ گرین شرٹس کو سپر فور میں ٹیسٹ کھیلنے والی تین ایشیائی ٹیموں بھارت، سری لنکا اور بنگلہ دیش کے خلاف پانچ دن میں تین میچ کھیلنے ہیں۔ انکے خلاف اچھا کارکردگی دکھانا چیلنج ہے۔ فائنل میں کیلئے کم از کم دو میچ جیتنا لازمی ہوں گے۔ پاکستانی ٹیم اپنی مہم کا آغاز اتوار کو اپنے پہلے میچ میں ہاتھ نہ ملانے والے روایتی حریف بھارت کے خلاف ایک بار پھر دو،دو ہاتھ کرکے کرے گی ۔ امکان ہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ بھی کشیدہ ماحول میں کھیلا جائے گا کیوں کہ بھارت نے پہلے میچ میں غیر ضروری تنازع پیدا کرکے اسپورٹس مین اسپرٹ کی دھجیاں اڑا دیں۔جمعے کی شب پاکستانی ٹیم نے آئی سی سی اکیڈمی میں میں پریکٹس کے ساتھ اپنی تیاریوں کا آغاز کردیا۔ ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹاپ آرڈر بیٹنگ لائن اپ کی کارکردگی سوالیہ نشان بنی ہوئی ہے۔ ایک ہفتہ قبل بھارت نے پاکستان کو سات وکٹ سے شکست دی تھی اسی میچ میں ہینڈ شیک تنازع سامنے آیا تھا۔ ٹورنامنٹ میں اب تک صائم ایوب، سلمان علی آغا، حسن نواز، محمد نواز اور فہیم اشرف بیٹنگ میں ناکام رہے ہیں۔ شاہین شاہ آفریدی نے بھارت اور امارات کے خلاف برق رفتار اننگز کھیل کر بیٹنگ لائن کی لاج رکھی۔ ٹورنامنٹ میں ایک بھی رن بنانے میں ناکام صائم ایوب تین میچوں میں چھ وکٹیں لے کر کامیاب ترین بولر ہیں۔ پاکستان کی جانب سے تین میچوں میں کوئی بیٹر سو رنز نہیں بناسکا ہے۔ فخر زمان نے ایک نصف سنچری کی مدد سے90 ، محمد حارث نے ایک نصف سنچری کی مدد سے87، صاحبزادہ فرحان74، شاہین آفریدی نے64 رنز بنائے ہیں ۔ کپتان سلمان علی آغا نے23 حسن نواز نے 17، صفیان مقیم نے دس رنز بنائے۔ بولنگ میں ابرار اور شاہین شاہ نے تین، تین وکٹ حاصل کئے ہیں۔

اسپورٹس سے مزید