کراچی (اسد ابن حسن) نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی کے ایڈیشنل ڈائریکٹر لاہور چوہدری محمد سرفراز کا لاہور سے فوری طور پر تبادلہ کر دیا گیا ہے جبکہ ایڈیشنل ڈائریکٹر ملتان عبدالغفار انٹرپول کے ایک کورس کے لیے ویانا روانہ ہو گئے ہیں۔ گزشتہ روز ڈپٹی ڈائریکٹر ایچ آر ڈی عاطف اقبال خان نے مراسلہ جاری کیا ہے کہ ڈائریکٹر جنرل نے لاہور کے ایڈیشنل ڈائریکٹر کا فوری طور پر تبادلہ کر کے اسلام آباد رپورٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ دوسرے نوٹیفکیشن کے مطابق ادارے کے سربراہ کے ہدایت پر ایڈیشنل ڈائریکٹر ملتان عبدالغفار 10 روزہ انٹرپول کے ایک کورس پر ویانا روانہ ہو گئے ہیں۔ مذکورہ کورس پر دنیا بھر کے تفتیشی ایجنسیوں کے افسران شرکت کر رہے ہیں۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر چوہدری سرفراز کا کہنا تھا کہ انہوں نے لاہور کا چارج چھوڑ دیا ہے اور وہ چھ ماہ کی رخصت پر پیر سے جا رہے ہیں۔