اسلام آباد (نیوز رپورٹر )وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب سے دیرپا شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کیلئے پرعزم ہیں،،پاکستانی عوام برادر ملک کے معاشی تعاون کو بھی فراموش نہیں کر سکتے جس کی وجہ سے ہماری معیشت کو سہارا ملا،مئی 2025 میں بھارت کے ساتھ کشیدگی کے دوران سعودی قیادت اور عوام کی طرف سے اظہار یکجہتی پاکستانی قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔انہوں نے یہ بات سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے میں خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان اور اپنے عزیز سعودی بھائیوں اور بہنوں کو سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر نہایت گرم جوشی کے ساتھ مبارکباد پیش کرتا ہوں،ریاض کے حالیہ تاریخی دورے کے دوران مجھے اور پاکستانی وفد کو ملنے والا والہانہ استقبال اور محبت سے بھرپور مہمان نوازی میرے لیے انتہائی خوشی اور افتخار کا باعث ہے، پاکستانی عوام بھی میرے ساتھ شاہ سلمان اور شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ یہ دورہ بے مثال محبت اور یادگار لمحات سے بھرپور رہا۔