ملتان (سٹاف رپورٹر) چھوٹے تاجروں نے بھی انکم ٹیکس ریٹرنز کی آخری تاریخ میں تین ماہ کی توسیع کا مطالبہ کر دیا، پنجاب میں بارشوں اور سیلاب کے باعث چھوٹے تاجروں، دکانداروں اور کاروباری طبقے کو شدید نقصان پہنچا ہے، چیمبر آف سمال ٹریڈرز ملتان، ضلع ملتان اور جنوبی پنجاب کے عہدیداروں نے حکومت پاکستان، وزیر اعظم، چیئرمین ایف بی آر اور وزیر خزانہ سے اپیل کی ہے کہ موجودہ حالات کو مدِنظر رکھتے ہوئے کم از کم تین ماہ کی مہلت دی جائے تاکہ متاثرہ کاروباری طبقہ اپنے ریٹرن با آسانی جمع کرا سکے، چیمبر نے مزید کہا کہ چھوٹے تاجروں کی آواز کو سننا وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ یہی طبقہ ملکی معیشت کا ریڑھ کی ہڈی ہے، چیمبر آف سمال ٹریڈرز ملتان شہر کے صدر ظفر اقبال صدیقی، چیئرمین احتشام الحق، جنرل سیکرٹری عزیز الرحمٰن انصاری، ضلعی صدر شیخ طاہر امجد، چیئرمین خواجہ عمار یاسر، جنرل سیکرٹری خواجہ یاسر اشفاق، جنوبی پنجاب کے صدر چوہدری طارق کریم، چیئرمین مرزا اعجاز علی اور جنرل سیکرٹری شیخ عامر سلیم نے کہا کہ جنوبی پنجاب سمیت پورے پنجاب میں شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث چھوٹے تاجروں، دکانداروں اور کاروباری طبقے کو شدید نقصان پہنچا ہے۔