لاہور(اپنے نامہ نگار سے) صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور اور پردھان پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی (PSGPC) سردار رمیش سنگھ اروڑہ کی جانب سے برطانیہ سے آئے ہوئے 75 سکھ یاتریوں اور پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے اراکین کے اعزاز میں ایک پروقار عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔تقریب میں مختلف ممالک کے سفارتکاروں بالخصوص اعزازی جنرل قونصل سری لنکا ،ازبکستان، پرتگال ،ریورنڈ ڈاکٹر مجید ایبل، سیاسی و سماجی شخصیات، سول سوسائٹی کے افراد اور مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔ اپنے خطاب میں سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام نے ہمیشہ مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دیا ہے پاکستان کی سرزمین سکھ برادری کے لیے مقدس ہے۔ یہاں آنے والے یاتری ہمارے بھائی ہیں اور ان کی خدمت و میزبانی کو ہم اپنا فرض سمجھتے ہیں۔