• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پہلگام حملے کے بعد بھارتی اقدامات قابل مذمت، مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر امن ممکن نہیں، او آئی سی رابطہ گروپ

اسلام آباد (پی پی آئی) اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے،انھوں نے کہا کہ پہلگام حملے کےبعدبھارتی اقدامات قابل مذمت، مسئلہ کشمیرحل کیےبغیر امن ممکن نہیں۔ یہ اہم اپیل نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس کے موقع پر منعقدہ جموں و کشمیر پر او آئی سی رابطہ گروپ کے ایک اجلاس کے دوران کی گئی۔ او آئی سی کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل برائے سیاسی امور، یوسف ایم الدبی کی سربراہی میں رابطہ گروپ میں پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ، نائجر اور آذربائیجان کے نمائندوں کے ساتھ ساتھ کشمیری عوام کی نمائندگی کرنے والا ایک وفد بھی شامل تھا۔ پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق، گروپ نےمقبوضہ کشمیر میں سیاسی اور سلامتی کے منظرنامے کا جائزہ لیا اور انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی نے کشمیریوں کی جدوجہد کے لیے او آئی سی کی مسلسل حمایت پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے اگست 2019 سے جابرانہ قوانین، آبادیاتی ہیرا پھیری اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں اضافے کے ذریعے خطے پر اپنا کنٹرول مضبوط کرنے کی بھارت کی کوششوں کی مذمت کی۔طارق فاطمی نے پاکستان کے اس موقف کا اعادہ کیا کہ جموں و کشمیر کے تنازعے کا منصفانہ حل، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق، علاقائی ہم آہنگی اور استحکام کے لیے ضروری ہے۔
اہم خبریں سے مزید