پیرس(رضا چوہدری /نمائندہ جنگ)فرانس کے دارالحکومت پیرس میں غیر محفوظ رہائش اور بھیڑ کے خلاف آپریشن کیا گیا،تفصیلات کے مطابق پیرس کے شمالی مضافات میں واقع انتہائی گنجان آباد علاقے ویلیئرز لی بیل (Villiers-le-Bel) میں غیر معیاری رہائش اور بہت زیادہ بھیڑ کیخلاف آپریشن کیا گیا۔ اس علاقے میں کئی پاکستانیوں کے گھر بھی ہیں ،بدھ کی صبح فجر کے وقت اس آپریشن میں ٹاؤن کی میئر، نیشنل پولیس اور میونسپل پولیس نے حصہ لیا۔آپریشن کے دوران ایک زیادہ بھیڑ والا گھر سیل کیا گیا جبکہ 6 غیر قانونی تارکینِ وطن کو گرفتار کیا گیا اور جعلی پاسپورٹ بھی برآمد ہوئے، مالکان کے خلاف اقدامات بھی کیے گئے۔مزید برآں بھیڑ بھاڑ اور غیر صحت مند طرز رہائش کو ختم کرنے کے لیے انتظامی و قانونی کارروائی کی گئی جس میں بعض صورتوں میں قانون شکنی پر ملوث جائیداد کی ضبطی بھی ہو سکتی ہے۔ یاد رہے کہ پیرس کے علاقے ول دی اوز میں ریاستی ادارے اور متعلقہ میونسپلٹی کے تعاون سے غیر معیاری انداز سے بنے مکانات کے خلاف کارروائیاں باقاعدگی سے کی جاتی ہیں۔ان کارروائیوں کے بعد انتظامی، مالی یا قانونی پابندیاں لگائی جاتی ہیں، جس میں بعض اوقات کچی بستی کے مالک مکان کی جائیداد کی ضبطی بھی شامل ہو سکتی ہے۔