• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلامی جمعیت طلبہ کی حکومت کو مسائل حل کرنے کیلئے 10 اکتوبر تک ڈیڈ لائن

پشاور( لیڈی رپورٹر )ناظم اسلامی جمعیت طلبہ پشاور حسن امین نے تعلیم بچاؤ مہم کے تحت پشاور شہر میں ʼʼحقوقِ طلبہ تحریکʼʼ کا آغاز کرتے ہوئے حکومت کو طلبہ کے مسائل حل کرنے کے لئے 10 اکتوبر تک کی ڈیڈلائن دے دی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر حکومت نے اس ڈیڈلائن تک اقدامات نہ کئے تو اگلے مرحلے میں وزیرِاعلیٰ ہاؤس کے سامنے لامحدود دھرنا دیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صدر بزمِ شاہین پشاور سدیس خان، ناظمین علاقہ جات قاسم ہمدرد، نصیراللہ، کاشف جمیل، محمد بلال، خبیب اور میڈیا سیل کے انچارج محمد فرجاد شاہ بھی موجود تھے۔ حسن امین نے کہا کہ حکومت کے تعلیمی اداروں کی آؤٹ سورسنگ کے فیصلے کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں اور اس کے خلاف ہر سطح پر مزاحمت کی جائے گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت یہ فیصلہ فوری طور پر واپس لے۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِاعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے گذشتہ سال طلبہ یونین کی بحالی کا اعلان کیا تھا لیکن تاحال وعدہ پورا نہیں ہوا۔ حکومت فوری طور پر طلبہ یونین کے الیکشن کی تاریخ کا اعلان کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ پشاور کی نجی جامعات نے اپنی فیسوں میں 50 فیصد اضافہ کیا ہے جو طلبہ دشمن اقدام ہے، جبکہ حکومت کی جانب سے ان اداروں پر کوئی چیک اینڈ بیلنس موجود نہیں۔
پشاور سے مزید