کراچی (اسٹاف رپورٹر ) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سنیئر مرکزی رہنما حیدر عباس رضوی نے مطالبہ کیا کہ آئین کے آرٹیکل 149 کے تحت وفاقی حکومت، سندھ حکومت کو پابند کرے کہ وہ کراچی اسٹرٹیجک ڈیولپمنٹ پلان 2020پر من و عن جنگی بنیادوں پر عملدرآمد پر کرے، پاکستان کمیشن آف انکوائری ایکٹ 2017کے تحت کراچی اسٹرٹیجک ڈیولپمنٹ پلان 2020پر عملدرآمد نہ کرنے والے عناصر، حکومتی ارکان اور انتظامیہ کے ذمہ داران کیخلاف انکوائری مجرموں کو قرار واقعی سزا دے،کراچی جو پاکستان کو 70 فیصد سے زائد اور سندھ کو 98 فیصد ریونیو دیتا ہے لیکن اس شہر کے رہنے والے گزشتہ بیس برسوں سے خرید کر پانی پینے پر مجبور ہیں،بارش نے شہر کو ڈبو دیا، گٹر ابلتے رہے، ایک سڑک قابل استعمال نہیں۔ وہ ہفتے کو بہادرآباد مرکز میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کیساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہ بھٹو، یونیورسٹی روڈ، حب کنال اور کریم آباد انڈر پاس کرپشن کی نذر ہو کر کھنڈر بن چکے ہیں۔ اسٹریٹ کرائمز صنعت کی شکل اختیار کر چکے ہیں، صرف گزشتہ برس 54 ہزار سے زائد وارداتیں رپورٹ ہوئیں مگر سندھ حکومت خاموش تماشائی بنی ہے کیونکہ وہ خود مافیا کی سرپرست ہے۔