لاہور(خبرنگار) آفس آف ریسرچ، انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن (ORIC)، یونیورسٹی آف ایجوکیشن ، لاہور نے ایکسپو سینٹر، لاہور میں منعقدہ نویں انٹرنیشنل انڈسٹریل ایکسپو میں بھرپور شرکت کی اور ایک خصوصی اسٹال کے ذریعے اپنے ہونہار طلبہ و طالبات کی شاندار ایجادات پیش کیں۔ اس موقع پر طلبہ کی جانب سے 30 سے زائد نئی ایجادات متعارف کروائی گئیں، جنہوں نے ان کی تحقیقی صلاحیتوں اور تخلیقی رجحان کو اجاگر کیا۔ پیش کی جانے والی نمایاں ایجادات میں حادثات سے بچانے والا اسمارٹ ہیلمٹ سسٹم، اسمارٹ ٹریفک لائٹ کنٹرول سسٹم، مصنوعی ذہانت پر مبنی زرعی بیماریوں کی تشخیص کا نظام، لنگز پمپنگ سسٹم اور فائر ڈیٹیکشن سسٹم شامل تھے، جو حقیقی مسائل کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے حل کرنے کی عملی کوشش ہیں۔ ایکسپو میں یونیورسٹی کا اسٹال طلبہ، اساتذہ اور بین الاقوامی مندوبین کی خصوصی توجہ کا مرکز رہا۔