دبئی(عبدالماجد بھٹی)بھارتی کرکٹ بورڈ نے اسپرٹ آف دی گیم کی دھجیاں بکھیر دیں ‘ ہندوستانی ٹیم نے ایشین کرکٹ کونسل کے چیئرمین محسن نقوی سے ایشیا کپ کی وننگ ٹرافی وصول نہیں کی‘ اس طرح بدمزگی اور تنازع کے دوران ایشیا کپ کی تقریب ختم ہوئی۔بھارتی حکومت اور بورڈ کی ہٹ دھرمی کے نتیجے میں فاتح ٹیم کو ٹرافی نہیں دی گئی۔تقریب کے دوران ٹرافی واپس چلی گئی۔ بھارتی کھلاڑیوں نے ایشین کرکٹ کونسل کے مختلف ممبران سے انعامات وصول کئے ۔بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے ٹیم کو جیت پر مبارک باد دی اور فتح کو آپریشن سندور سے جوڑ دیا۔ایشین کرکٹ کونسل نے ٹرافی اور میڈل واپس آفس میں پہنچا دیئے جبکہ محسن نقوی اور دیگر مہمانوں کے جانے کے بعد بھارتی ٹیم اسٹیج پر آئی اور گروپ فوٹو بنوایا ۔ بھارتی کھلاڑیوں نے ٹرافی اور میڈل کے بغیر اسٹیج پر جشن منایا۔محسن نقوی نے رنراپ چیک پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا کو دیا‘ اس کے بعد آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا لیکن بھارتی ٹیم نے پی سی بی اور ایشین کرکٹ کونسل حکام سے نہ ہاتھ ملایا اور نہ کوئی انعام وصول کیاالبتہ ابھیشیک شرما اور تلک ورما نے انعامات دیگر اے سی سی ممبران سے وصول کئے۔ ایشین کرکٹ کونسل حکام ٹرافی اپنی گاڑی میںلیکر چلے گئے ۔بعدازاں محسن نقوی بھی اسٹیڈیم سے روانہ ہوگئے ۔آخری اطلاعات تک بھارتی ٹیم اپنے ڈریسنگ روم میں موجودرہی ۔اے سی سی تاریخ میں ماضی میں مہمان خصوصی سےٹرافی وصول نہ کرنے کی بدترین مثال سامنے آئی ہے۔دبئی میںایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ فائنل کے ختم ہونے بعد تقریب تقسیم انعامات سوا گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوئی۔ بھارتی خبر رساں ایجنسی کا دعوی ہے کہ حکومت کی ہدایت پر ٹرافی وصول نہیں کی گئی۔قبل ازیںبھارت کی جیت کے بعد آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا لیکن ٹیموں نے ایک دوسرے کو مبارک باد نہیں دی ۔ بھارتی تماشائی جیت کا جشن مناتے رہے۔