کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکریٹری جنرل سردار عبدالرحیم نے کہا ہے کہ پولیس کے ذریعے پرامن احتجاج کو کچلنا اور عوام پر ظلم کرنا بدترین آمرانہ سوچ ہے، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، پی ایس 115 ڈسٹرکٹ کیماڑی کے عوام نے جب اپنے بنیادی حقوق پانی ، بجلی اور گیس کی عدم فراہمی ، علاقے میں گندگی اور مچھر مار اسپرے نہ ہونے پر پرامن احتجاجی ریلی نکالی، تو بجائے ان کے مسائل سننے اور حل کرنے کے پولیس نے ان پر لاٹھی چارج اور بہیمانہ تشدد کیا، یہ عمل عوامی آواز کو دبانے اور جمہوری حق چھیننے کے مترادف ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے،سردار عبدالرحیم نے فنکشنل ڈسٹرکٹ کیماڑی کے صدر نذیر احمد بلوچ سے ٹیلیفونک گفتگو میں کہا کہ عوام کے بنیادی اور جائز مسائل پر آواز اٹھانے کو جرم بنانا سندھ حکومت کی ناکامی اور بے حسی کا کھلا ثبوت ہے،مسلم لیگ فنکشنل عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے جائز مطالبات کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کرے گی۔