کراچی(اسٹاف رپورٹر ) میئر کراچی بیر سٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ اس سال بلدیہ عظمیٰ کراچی 28 ارب روپے کراچی کی ترقی پر خرچ کررہی ہے جبکہ شہر کے مجموعی منصوبوں کا پورٹ فولیو 400 ارب روپے ہے، کے فور منصوبے پر 70 ارب روپے خرچ ہو رہے ہیں، کچھ لوگ صبح گیارہ بجے اٹھ کر صرف پریس کانفرنس کرتے ہیں اور عوام میں مایوسی پھیلاتے ہیں، جبکہ ہم دن رات شہر کے لئے کام کر رہے ہیں،منافقت کسی کو نہیں کرنے دوں گا، ہم اسلام آباد میں بیٹھ کر نہیں بلکہ کراچی کے عوام کے بیچ رہ کر خدمت کررہے ہیں، مشرف دور میں ہر منصوبے پر مصطفیٰ کمال کا چہرہ نمایاں ہوتا تھا، اگر اُس وقت فنڈز ملے تھے تو شہباز شریف کے دور میں بھی کراچی کو وسائل ملنے چاہئیں ،مرغی خانہ، شاہ فیصل کالونی اور کیٹل کالونی پر پل تعمیر کیے جا رہے ہیں، آئی سی آئی پل پر بھی جلد کام شروع ہوگا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد ضلع کورنگی میں بیگم خورشید روڈ آمد کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی اور دیگر منتخب نمائندے بھی ان کے ہمراہ تھے، مرتضی ٰوہاب نے کہا کہ جہاں نکاسی آب کے مسائل ہیں وہاں پیور بلاک لگانے کے حامی ہیں کیونکہ یہ پائیدار حل ہے، اگرچہ پیور مہنگا ہے جبکہ اسفالٹ سستا ہے، ہمیشہ یہ کہہ دینا کہ پیسے نہیں ہیں درست بات نہیں، پیسہ مسئلہ نہیں اصل مسئلہ نیت کا ہے، باتوں سے کچھ نہیں ہوتا، ہمیں عملی اقدامات کرنے ہیں، انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی بارشوں کے بعد شہر کی 106 سڑکوں کی بحالی کا کام کر رہی ہے جو آئندہ 60 دنوں میں مکمل کر لیا جائے گا،ہمارے لوگ صبح اٹھیں تو انہیں بنی ہوئی سڑکیں ملیں گی، رات کے دو بجے بھی ہماری ٹیمیں کام کر رہی ہیں ایمپریس مارکیٹ، پریڈی اسٹریٹ اور شار ع فیصل سمیت مختلف مقامات پر کام شروع ہو چکا ہےمیئر کراچی نے کہا کہ انہیں اس بات پر فخر ہے کہ وہ مہاجر ہیں اور کراچی کے لوگ ان کے اپنے ہیں، انہوں نے تمام اداروں اور نمائندوں سے اپیل کی کہ وہ منفی سیاست سے گریز کریں اور کراچی کی ترقی کے لئے متحد ہوکر کام کریں ۔