کراچی(اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے اس وقت پورا کراچی بدترین حالات سے گزر رہا ہے، کوئی انتظامیہ، شہریوں کے مسائل سننے اور حل کرنے والا کوئی ادارہ موجود نہیں، کراچی کے بدترین حالات کا ذمہ داردھاندلی زدہ نظام ہے، ہم کراچی کی تباہی کو تعمیر میں بدلنے کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی علاقہ گلستان جوہرکے تحت محلہ کمیٹی والنٹیئرکنونشن سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا،کنونشن سے امیر جماعت اسلامی ضلع شرقی نعیم اختر، سکریٹری ضلع نعمان پٹیل،ناظم علاقہ محمد فاروق،یوسی چیئرمین ڈاکٹر ریحان،چیئرمین یوسی صفورہ نعمان الیاس،ایڈ لائن ایکشن کمیٹی کے سربراہ محمد وصی الدین ودیگر نے بھی خطاب کیا، منعم ظفر نے کہا کہ جماعت اسلامی نے گزشتہ دنوں غزہ کے بچوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ایک عظیم الشان ”کراچی چلڈرن مارچ“ کا انعقاد کیا ٗیکم اکتوبر سے 7 اکتوبر تک پورے پاکستان میں ”ہفتہ یکجہتی غزہ“منایا جائے گا، 5 اکتوبر کو شارع فیصل نرسری پر ایک عظیم الشان ”یکجہتی غزہ مارچ“ منعقد ہوگا، جس میں بچے، بزرگ، خواتین، نوجوان، مزدور اور تاجر،علماء کرام و دیگر بڑی تعداد میں شریک ہوں گے۔سندھ حکومت اور قابض میئر کی نااہلی کی وجہ سے ریڈ لائن منصوبہ بدانتظامی کا شکار ہے، ماضی میں جماعت اسلامی نے یونیورسٹی روڈ کی تعمیر کے لیے بھرپور جدوجہد کی۔