کراچی (نیوز ڈیسک ) پاکستانی حکمرانوں کا تاریخی استقبال پاک امریکا دوستی کا نیا باب کھول رہا ہے، یہ بات امریکا پاکستان بزنس ڈیولپمنٹ فورم کے صدر شیخ امتیاز حسین نے وائٹ ہائوس میں وزیر اعظم پاکستان اورفیلڈ مارشل عاصم منیر کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہی ، انہوں نے کہا کہ اس تاریخی ملاقات کے ذریعے تعلقات میں نئی اور مضبوط راہیں ، امن اور خوشحالی کے لیے نئے عزم اور مشترکہ اہداف کی نشاندہی کرنا ،پاکستان اور امریکی تجارت، سرمایہ کاری، ثقافت اور سماجی ترقی کے مختلف شعبوں میں تعاون کومزید بڑھانے کےلئے اقدامات ہیں، انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط اور کثیر جہتی شراکت داری مستقبل میں اقتصادی ترقی، ٹیکنالوجی میں جدت اور عوامی روابط کو فروغ دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں اس کے علاوہ علاقائی امن و استحکام کے قیام میں پاکستان کا تعمیری کردار قابل ستائش ہے، شیخ امتیاز حسین نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اسرائیل اور فلسطین کے درمیان مذاکرات کو آگے بڑھانے اور مشرق وسطیٰ میں منصفانہ و دیرپا امن کے قیام کے لیے پاکستان کے مستقل عزم کا اعادہ رکھتے ہیں اس تاریخی ملاقات سے باہمی اعتماد اور مشترکہ اہداف پر مبنی ایسے مستقبل کے دروازے کھلیں گے جو عالمی امن، سلامتی اور خوشحالی کو فروغ دینے میں پاکستان کے کردار کو ایک اہم اور کلیدی شراکت دار کے طور پر تسلیم کرتے ہیں شیخ امتیاز حسین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ امریکہ پاکستان بزنس ڈیولپمنٹ فورم دونوں ممالک کے درمیان پل کا کردار ادا کرتے ہوئے باہمی اعتماد، دیرپا ترقی اور خوشحالی کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے اپنی خدمات جاری رکھے گا۔