کراچی( اسٹاف رپورٹر ) نمائش چورنگی فلسطین فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام شہید سید حسن نصر اللہ کی پہلی برسی و شہدائے راہ القدس فلسطین کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے تعزیتی اجتماع و چراغاں کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین نے شمع روشن کی اور خطاب کیا ،تقریب میں رہنما جماعت اسلامی محمد حسین محنتی، مسلم پرویز، رہنما ایم کیو ایم محفوظ یار خان، قمر عباس،رہنما جمیعت علمائے پاکستان علامہ قاضی احمد، نورانی، علامہ عقیل انجم،رہنما ایم ڈبلیو ایم علامہ حیات عبّاس،علامہ مبشر حسن، ارجن سنگھ،خالد راؤ،وحید یونس، صادق شیخ سمیت سول سو سائٹی قائدین اور خواتین و بچوں کی بڑی تعداد موجود تھی ،مقررین کا شہید حسن نصر اللہ،اسماعیل ہانیہ،یحیٰ سنوار،ہاشم صفی الدین و دیگر شہداء کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہنا تھا کہ 27 سمتبر 2024 عالم اسلام کے عظیم لیڈر شہید حسن نصر اللہ کی شہادت کا دن ہے،شہید حسن نصر اللہ کی پوری زندگی مقاومت کیلئے وقف تھی آپ عالم اسلام کے عظیم رہنما تھے،راہ مقاومت میں ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، مقررین کا کہنا تھا کہ اسرائیل انسانیت کا دشمن ہے،غزہ میں انسانیت سوز مظالم تا حال جاری ہیں،اسرائیلی جارحیت میں سب سے زیادہ تعداد معصوم بچوں کی ہے،دنیا بھر کی انسانیت دوست عوام اسرائیل اور امریکہ کے جنگی جرائم کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں، شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا،فلسطین کی آزادی تک جنگ جاری رہے گی،کشمیر اور فلسطین پر آواز بلند نہ کرنے والے ظالم کے ساتھ ہیں۔