• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشیا کپ میں شکست، جشن کی تیاریاں غصے میں تبدیل، مڈل آرڈر بیٹنگ ذمہ دار قرار

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) پاکستان اور بھارت کے درمیان اتوار کو ایشیا کپ کر کٹ ٹورنامنٹ کے فائنل کے موقع پر شائقین کر کٹ قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹرز کی کار کردگی سے خاصے مایوس ہوئے۔ پاکستان کی بولنگ نے جان توڑ محنت کی لیکن دو رن آئوٹ مس اور ڈراپ کیچ نے ان کی محنت کی پانی پھیر دیا۔ جیت کی امید لگائے بیٹھے شائقین اور مختلف کھیلوں سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی شکست پر سخت مایوس ہوئے۔ فائنل میں بھارت کے خلاف ناکامی پر شائقین ، ماہرین، دیگر کھیلوں کے کھلاڑیوں نے سخت برہمی کا اظہار کیا ہے، ملک بھر میں کرکٹ کے مداحوں کی جشن کی تیاریاں مایوسی میں بدل گئی، ناراض شائقین نے کر کٹ میں بڑے آپریشن کا مطالبہ کرتے ہوئے کوچ، کپتان کی تبدیلی، قومی سلیکشن کمیٹی کی برطرفی پر زور دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ فائنل میں وہ حکمت عملی دکھائی نہیں دی جو ہونی چاہئے تھی، اس اہم ترین معرکہ میں بھی پاکستان کھیل کے کسی شعبے میں اپنی مہارت کا ثبوت نہ دے سکا، بیٹرز، اور فیلڈرز بری طرح بے بس دکھائی دیے، حارث رئوف جیسے تجر بے کار بولر نے مایوس کیا، وزیر اعظم ٹیم کی کار کردگی کانوٹس لیں، ملک کے نامور سابق کھلاڑیوں کو کر کٹ کی باگ دوڑ دی جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ ٹیم کے ساتھ گیم پلانر ہونا چاہئے، کوچنگ اسٹاف کی پرفارمنس محض بھاری تنخواہیں لینا ہے۔ پاکستانی ٹیم کا بھارت سے ایک ہی ایونٹ میں تین بار ہارنا افسوسناک ہے، کھلاڑی غیر ضروری دبائو کا شکار دکھائی دیے۔ خیال رہے کہ اتوار کو میچ کے لئے ملک کے دیگر شہروں کی طرح کراچی اور اندورن سندھ بھی کر کٹ کے منچلوں کا جوش وخروش بھر پور رہا ۔ شہر کے مختلف علاقوں میں میچ دیکھنے کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے ، پارکوں اور میدانوں کے علاوہ آرٹس کونسل، مختلف یونیورسٹیزکے آڈیٹوریم ، کے ایچ اے اسٹیڈیم میں بھی میچ دیکھنے کے لئے بڑی اسکرین کا بند وبست کیا گیا ، کر کٹ کے مداحوں نے اپنے ہیروز کے خصوصی پورٹریٹ تیار کئے تھے، ٹیم کی جیت کے لئے خصوصی دعائوں کا بھی اہتمام کیا گیا، پارکوں میں اسکرین کے ساتھ قومی پر چم بھی لگائے گئے۔ اندورون سندھ حیدر آباد، سکھر ، خیر پور، بے نظیر آباد، لاڑکانہ، سمیت دیگر اضلاع میں بھی فائنل کا جوش دکھائی دیا ۔ جیلوں میں قیدیوں کو میچ دکھانے کا بندوبست کیا گیا تھا۔ فائنل میں مختلف کھیلوں کے کھلاڑیوں ، فن کاروں اور سیاسی رہنمائوں نے بھی گہری دل چسپی کا اظہار کیا، وہ اپنی تمام مصروفیات ترک کر کے میچ سے لطف اندوز ہوئے۔ مختلف سیاسی، سماجی تنظیموں نے بھی میچ دیکھنے کے لئے خصوصی انتظامات کئے تھے۔

اسپورٹس سے مزید