دبئی(عبدالماجد بھٹی)بھارت نے پاکستان کوفائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5وکٹوں سے شکست دے کر مینز ٹی ٹونٹی ایشیاکپ کرکٹ ٹورنامنٹ جیت لیا، گرین شرٹس پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 146رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، صاحبزادہ فرحان اور فخرزمان نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو 84رنز کا جارحانہ آغاز فراہم کیا تاہم دونوں اوپنرز کے علاوہ کوئی بھی پاکستانی بیٹر متاثرکن کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا،فرحان 57اور فخرزمان 46رنز بنا کر نمایاں رہے،ٹاپ تھری کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکا، پاکستان نے 33رنز پر آخری 9وکٹیں گنوائیں، جواب میں بھارتی ٹیم نے مطلوبہ ہدف آخری اوور کی چوتھی گیند پر 5وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، تیلک ورما 69 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ بیٹنگ لائن کی بدترین کارکردگی کے باعث پاکستانی ٹیم بھارت کی مسلسل فتوحات کو بریک لگانے میں ناکام رہی‘ دو ہفتے میں بھارت نے پاکستان کے خلاف تیسرا ٹی ٹوئینٹی انٹر نیشنل جیت کر ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ اپنے نام کرلیا۔دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دلچسپ میچ میں بھارت نے پاکستان کا 147 رنز کا ہدف 5وکٹوں کے نقصان پر 2گیندیں قبل ہی حاصل کرلیا۔ بھارت نے نویں مرتبہ ایشیا کپ جیتا جبکہ بھارت کو ہرانے کا پاکستانی خواب پورا نہ ہوسکا۔ فاتح ٹیم کوٹرافی کے علاوہ 3 لاکھ ڈالرز جبکہ رنر اپ ٹیم کو ڈیڑھ لاکھ ڈالرز ملے۔فہیم اشرف نے29رنز دے کر تین وکٹ حاصل کئے۔حارث روف نے40رنز دیئے۔دبئی میں اتوار کی شب جارحانہ آغاز کے بعد پاکستانی بیٹنگ لڑکھڑائی اور سنبھل نہ سکی۔ ایک مرحلے پر پاکستان کا ایک وکٹ 113 رنز پر گرا تھا جس کے بعد39گیندوں پر33رنز کے عوض 9وکٹیں گرگئیں۔ پاکستان کو صاحبزادہ فرحان اور فخر زمان نے 58 گیندوں پر84رنز کا پر اعتماد آغاز فراہم کیا ۔اچانک بھارتی اسپنرزاپنی ٹیم کو میچ میں واپس لائے اور اوپر تلے8وکٹیں اسپنرز نے حاصل کیں جبکہ آخری دو وکٹ جسپریت بمرا کے حصے میں آئے۔بھارتی اننگز کا آغاز اچھا نہ ہوسکا۔ساتویں گیند پر فہیم اشرف نے ڈینجر مین ابھیشیک شرما کو آؤٹ کردیا۔اگلے اوور میں شاہین شاہ کی گیند پر سلمان آغا نے سوریا کمار یادیو کا کیچ لے لیاوہ ایک رن بناسکے۔دوسری وکٹ تیسرے اوور میں دس رنز پر گری۔شمبن گل کا مشکل کیچ حارث روف نےفہیم اشرف کی گیند پر لیا وہ پانچ رنز بناسکے۔ ابرار احمد کی گیند پر حسین طلعت نے سنجو کا12رنز پر کیچ ڈراپ کردیا۔دس اوورز میںاسکور تین وکٹ پر 58 رنز تھا۔سنجو سیمسن 21گیندوں پر24رنز بناکر ابرار کا شکار بنے۔ شیوام ڈوبے22گیندوں پر33رنز بناکر آوٹ ہوئے۔ڈوبے اور تلک ورما کی شراکت میں60 رنز بنے۔قبل ازیںٹاس ہارنے کے باوجود پاکستان کو اچھا اسٹارٹ ملا لیکن پاکستان کی پوری ٹیم 19.1 اوورز میں 146 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، اوپنر بلے باز صاحب زادہ فرحان اور فخر زمان کے علاوہ کوئی بھی بیٹر بھارتی باؤلرز کا جم کر مقابلہ نہ کر سکا۔ صاحبزادہ فرحان شاندار 57 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، انہوں نے 35 گیندوں پر 5 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے ففٹی مکمل کی۔صائم ایوب ایک بار پھر لمبی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے، ٹاپ آرڈر بیٹر 11 گیندوں پر 14رنز بنا کر کلدیپ یادو کا شکار بنے ۔انہوں نے سات میچوں میںچار صفر کی مدد سے37رنز بنائے ،جب کہ وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث بغیر کوئی رن بنائے پویلین واپس لوٹ گئے۔اوپنر فخر زمان 35 گیندوں پر 46رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے، انہوں نے 2چوکے اور 2چھکے بھی لگائے، حسین طلعت ایک رن جبکہ کپتان سلمان علی آغا 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔فہیم اشرف اور شاہین آفریدی کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے، حارث رؤف 6 رنز بنا کر کلین بولڈ ہوئے، محمد نواز 9گیندوں پر 6 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔ بھارتی اسپنر کلدیپ یادو نے 30 رنز دے کر 4 وکٹیں اپنے نام کیں ان کی ٹورنامنٹ میں وکٹوں کی تعداد17ہوگئی، اکثر پٹیل، وارون چکراورتی اور جسپریت بمرا نے 2،2 وکٹیں اپنے نام کیں۔