• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کا رویہ مایوس کن، کرکٹ کی توہین کی، سلمان، ایشیا کپ فائنل کی فیس بھارتی حملے کے شہداء کے نام

دبئی (عبدالماجد بھٹی ) پاکستان کرکٹ ٹیم نے ایشیا کپ فائنل کی میچ فیس 7 مئی کی شب بھارتی حملے میں شہید ہونے والے معصوم شہریوں کے نام کرنے کا اعلان کردیا۔ کپتان سلمان علی آغا نے پریس کانفرنس کے دوران اعلان کیا کہ پاکستان ٹیم فائنل کی میچ فیس بھارتی حملوں سے متاثرہ اپنے معصوم شہریوں اور بچوں کے نام کرتی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی ایکس پر اس حوالے سے پوسٹ کی ہے ۔ پاکستان ٹیم کے کپتان سلمان آغا نے ایشیا کپ میں بھارتی ٹیم کے مایوس کن رویے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کہا وہ ہاتھ نہ ملا کر ہماری بے عزتی نہیں بلکہ کرکٹ کی توہین کر رہے ہیں۔ اچھی ٹیمیں وہ نہیں کرتیں جو انہوں نے آج کی ہیں میں صرف پاکستان کا کپتان نہیں ہوں، کرکٹ کا مداح بھی ہوں ، بہت توہین آمیز الفاظ استعمال نہیں کرنا چاہتا تھا۔ خیال رہے کہ اتوار کی شب پاکستانی کھلاڑیوں کے رنرز اپ انعامات وصول کرنے کے موقع پر بھارتی تماشائیوں نے پاکستانی کھلاڑیوں کے خلاف آوازیں کسیں۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے انہیں اسٹیڈیم سے نکال دیا۔ سلمان آغا نے کہا کہ بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو سے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ اگر یہ سوریاکمار تک ہوتا تو وہ تین میچوں کے ٹاس سے پہلے مجھ سے ہاتھ ملاتے۔ ٹورنامنٹ کے آغاز میں نجی طور پر مصافحہ کیا تھا۔ لیکن جب کیمروں کے سامنے ہوتے ہیں تو ہاتھ نہیں ملاتے۔ مجھے یقین ہے کہ وہ ان ہدایات پر عمل کر رہے ہیں جو دی گئی ہیں ، ٹورنامنٹ میں جو کچھ بھی ہوا وہ بہت برا تھا،ایسا زندگی میں نہیں دیکھا، امید ہے کہ یہ کسی مرحلے پر رک جائے گا۔

اسپورٹس سے مزید