کراچی( ٹی وی رپورٹ) جیو نیوز کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں تجزیہ پیش کرتے ہوئے میزبان نے کہا کہ ٹرمپ کا امن منصوبہ سامنے آنے کے بعد اب بھی تاحال حماس کا باضابطہ جواب سامنے نہیں آیا۔ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی جدہ سراج وہاب نے کہا کہ اس کے علاوہ کوئی اور حل نظر نہیں آتا ہے یہاں اولین ترجیح یہی ہے کہ کسی بھی صورت غزہ جنگ کو روکا جائے۔ پروگرام میں سابق کپتان راشد لطیف اور کرکٹر احمد شہزاد نے بھی گفتگو کی۔ پروگرام میں آغاز میں شاہزیب خانزادہ نے کہا کہ قطر، مصر اور ترکی حماس پر معاہدہ قبول کرنے پر زور دے رہے ہیں۔ قطر سمیت باقی عرب اور مسلم ممالک منصوبے سے متعلق ٹرمپ سے ملاقات کرچکے ہیں جن میں پاکستان بھی شامل ہے وہ اس منصوبے میں اسرائیل کے کہنے پر ہونے والی تبدیلیوں سے ناخوش ہیں جس کا انہوں نے اظہار کردیا ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ نے ایگزیکٹو آرڈر جاری کیا ہے جس میں امریکہ نے قطرکی سلامتی دینے کا اعلان کیا ہے جس میں قطر پر حملے کی صورت میں فوجی کارروائی بھی شامل ہے اور قطر پر حملہ امریکہ پر حملہ سمجھا جائے گا۔ قطری وزیراعظم نے الجزیرہ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ جو کچھ پیش کیا گیا وہ اصولوں کا مجموعہ تھا اور یقینا اس کی تفصیلات اور اس پر عملدرآمد کے طریقہ کار کے بارے میں مزید بات چیت کی ضرورت ہے ۔ بھارت کی جانب سے کھیل کو سیاست زدہ کرنے کا سلسلہ جاری ہے کھلاڑی بھی مودی سرکار کے نقش قدم پرہیں۔ نمائندہ جیو نیوز سہیل عمران کی خبر کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا نے محسن نقوی سے ایشیا کپ کی ٹرافی مانگ لی ہے۔