اسلام آباد(رانا غلام قادر) پاکستان نے ایران ،روس اور افغانستان کے ساتھ بزنس ٹو بزنس تجارت سے متعلق بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے ان ممالک کے ساتھ بارٹر ٹریڈ کے لیےمختلف شرائط ختم یا نرم کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
برآمد سے قبل لازمی درآمد کی سخت شرط کو نرم کرکے بیک وقت درآمد و برآمد کی اجازت ہوگی۔ نجی اداروں کو کنسورشیا بنانے کی بھی اجازت ہوگی۔
بیرون ملک پاکستانی مشنز سے تصدیق کی شرط کو ختم کرکے اس کو مقامی نجی کمپنیوں یا گروپس کی یقین دہانی سے بدلا جائے گا۔
ان اقدامات کا مقصد بارٹر ٹریڈ میکنزم کو زیادہ عملی اور کاروبار دوست بنانا ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق جون 2023ء میں افغانستان، ایران اور روس کے ساتھ تجارت کے لیے بی ٹو بی بارٹر ٹریڈ میکنزم کے نفاذ کے بعد اس پر عملدرآمد میں متعدد مسائل سامنے آئے۔