اسلام آباد (خبر نگار) نو مئی کیسز میں سزا پانے والے رکن قومی اسمبلی عبداللطیف چترالی نے عدالت میں سرنڈر کر دیا ، انسداد دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے ریمارکس دئیے کہ لطیف صاحب آپ نے خواہ مخواہ دیر کر دی، اچھا ہے پیش ہو گئے۔ عدالت نے عبداللطیف چترالی کو سزا پر عملدرآمد کیلئے جیل منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔ عبداللطیف چترالی نے پشاور ہائیکورٹ کی ہدایت کے مطابق عدالت میں درخواست دائر کی تھی کہ وہ حکم عدولی نہیں کرنا چاہتے ،عدالت میں گرفتاری پیش کر رہے ہیں۔ دوران سماعت فاضل جج طاہر عباس سپرا نے ریمارکس دئیے کہ لطیف صاحب آپ نے خواہ مخواہ دیر کر دی، لیکن یہ بھی اچھا ہے کہ آپ پیش ہو گئے۔ بعد ازاں عدالت نے عبداللطیف چترالی کو سزا پر عملدرآمد کیلئے جیل منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔ یاد رہے کہ عبداللطیف چترالی کو 9 مئی واقعات میں مختلف دفعات کے تحت مجموعی طور پر 10سال قید کی سزا سنائی گئی تھی تاہم عدالت میں عدم موجودگی پر ان کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جا سکی تھی۔