اسلام آباد( نامہ نگار) ماہرین صحت نے خبردار کیا ہے کہ پاکستانی خواتین میں سروائیکل کینسر تیزی سے پھیل رہا ہے اور یہ ملک میں خواتین کا دوسرا سب سے عام سرطان بن چکا ۔ بچیوں کو اس مہلک مرض سے محفوظ رکھنے کے لئے انسانی پیپیلوما وائرس (HPV) ویکسین ناگزیر ہے۔ ماہرین نے قرار دیا کہ حالیہ سرکاری ویکسینیشن مہم آگاہی کی کمی اور منفی پروپیگنڈے کے باعث خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں کر سکی جس کیلئے مستقبل میں مامع منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔ ماہرین نے ان خیالات کا اظہار یہاں پالیسی ادارہ پائیدار ترقی کے زیر اہتمام خواتین میں بڑھتے ہوئے سروائیکل کینسر سے بچاو کے حوالے سے منعقدہ سیمینار میں کیا۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر عائشہ عصانی نے کہا کہ یہ پروگرام برسوں سے زیر غور تھا لیکن مہم کو خاطر خواہ پذیرائی نہ مل سکی کیونکہ میڈیا پر مناسب تشہیر نہیں کی گئی۔ انہوں نے تجویز دی کہ عوامی سطح پر گھر گھر آگاہی مہم چلائی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ بچیوں تک یہ ویکسین پہنچ سکے۔