• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

CSA کا تاریخ ساز اقدام، بنگلہ دیش پہلا عالمی شراکت دار منتخب

لاہور (آصف محمود بٹ ) پاکستان سول سروسز اکیڈمی نے تاریخ میں پہلی مرتبہ بین الاقوامی شراکت داری کے دروازے کھولتے ہوئے بنگلہ دیش کو بطور اولین عالمی شراکت دار منتخب کیا ہے۔ یہ غیر معمولی اقدام نہ صرف اسلام آباد کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ محض سیاسی بیانات سے ہٹ کر ادارہ جاتی تعاون کے ذریعے تعلقات کو نئی بنیاد فراہم کرے بلکہ یہ بھی ظاہر کرتا ہے کہ پانچ دہائیوں پر محیط بداعتمادی اور فاصلے کو عملی سفارتکاری کے ذریعے ختم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ یہ تاریخ ساز فیصلہ پاکستان کے لیے اس لحاظ سے بھی اہم ہے کہ اب تک کسی دوسرے ملک کو سول سروسز اکیڈمی کے ساتھ تعاون کی ایسی دعوت نہیں دی گئی تھی۔ ذرائع نے بتایا کہ پس منظر میں دیکھا جائے تو بنگلہ دیش کی قیادت نے گزشتہ برسوں میں پاکستان کے خلاف سخت رویہ اختیار کیے رکھا ہے اور وزیر اعظم شیخ حسینہ کی حکومت نے متعدد مواقع پر پاکستان پر تنقید کی۔ اس دوران بھارت کے ساتھ قریبی تعاون کے تحت 1800 سے زائد بنگلہ دیشی سول سرونٹس کو بھارتی اکیڈمیوں میں تربیت دی گئی، جسے بظاہر استعداد کار میں اضافے کا نام دیا گیا لیکن درحقیقت اس سے ڈھاکہ کی بیوروکریسی نئی دہلی کے نقطۂ نظر کے زیادہ قریب ہو گئی اور پاکستان کے خلاف بنگلہ دیشی سول سروس کے ذہنوں میں زہر بھرنے سے تعلقات مزید کمزور ہوئے۔
اہم خبریں سے مزید