• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسرائیل کیخلاف کراچی سمیت ملک بھر میں احتجاج، ریلیاں

کراچی، لاہور، اسلام آباد (این این آئی) صمود فلوٹیلا پر حملے اور غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کیخلاف اسلام آباد، کراچی، حیدرآباد، سجاول، میرپور خاص، میرپور خاص، سکھر، لاہور، ملتان، پشاور، کوئٹہ، قلات، حب، ڈی آئی خان، بنوں، نوشہر، ناروال سمیت ملک بھر میں اسرائیل کیخلاف مذہبی و سیاسی جماعتوں نے احتجاجی مظاہرے کیے اور ریلیاں نکالیں، مظاہرین نے صہیونی مظالم کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ فلسطین کی آزادی اور ایک خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی، جبکہ خطبات جمعہ میں قراردادیں منظور کرلی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق پشاور میں جماعت اسلامی، جے یو آئی، پاکستان مرکزی مسلم لیگ و دیگر جماعتوں کی جانب سے اسرائیلی مظالم کے خلاف ریلیاں نکالی گئیں جو پریس کلب پر اختتام پذیر ہوئیں۔ ریلیوں میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور مظاہرین نے اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی مظاہرین نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کا پتلا اور اسرائیلی پرچم نذر آتش کیا،شرکا کا کہنا تھا کہ وہ غزہ کے مظلوم مسلمانوں کے حق کے لیے نکلے ہیں انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسرائیل فوری طور پر غزہ میں مظالم بند کرے، خوراک اور امداد لیجانے والے قافلوں کو جانے دیا جائے اور گلوبل صمود فلوٹیلا کے محصورین کو رہا کیا جائے،مقررین نے کہا کہ غزہ کا محاصرہ ختم ہونا چاہیے اور اسرائیلی بربریت کا خاتمہ ناگزیر ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے خلاف عوامی ردعمل بڑھ رہا ہے اور وقت آگیا ہے کہ امت مسلمہ متحد ہوکر فلسطین کے مسلمانوں کا بھرپور ساتھ دے اور اسرائیل کو سخت جواب دے۔
اہم خبریں سے مزید