• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آزاد جموں و کشمیر کابینہ کا حجم کم کرنے پر اتفاق ہے، رانا ثناء

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ’’ نیا پاکستان‘‘ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے معاملات پر معاہدے کے قریب ہیں کابینہ کا حجم کم کرنے پر اتفاق ہے جبکہ آئینی و قانونی مسائل کے حل کے لیے ماہرین کی رائے لی جائے گی۔ پیپلز پارٹی کے ساتھ معاملات سلجھا لیے جائیں گے۔ سینیئر صحافی طلعت حسین نے کہا کہ اسحاق ڈار کا سینیٹ میں بیان ان کی پریس کانفرنس کے مطابق تھا تاہم اس پر پاکستان سمیت مسلم ممالک اور حماس دونوں کو اعتراض ہے کیونکہ طے شدہ ڈرافٹ سے انحراف کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ صمود فلوٹیلا کے قیدیوں کو اسرائیل شدید اذیت دے رہا ہوگا اور یہ سب وہ خود بھگت چکے ہیں۔ میزبان شہزاد اقبال نے بتایا کہ ٹرمپ نے حماس کو اتوار تک کا وقت دیا ہے اور اگر معاہدہ نہ ہوا تو سخت نتائج بھگتنا ہوں گے اسی دوران نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیا لیکن اپوزیشن اور میڈیا نے انہیں ٹف ٹائم دیا۔مشیر وزیراعظم برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ نے آزاد جموں کشمیر سے متعلق کہا کہ کل ہمارا کمیٹی سے ایک راؤنڈ ہوا تھا جس کے بعد انہوں نے مشاورت کرنے کے لیے کچھ وقت مانگا اور پھر آج صبح دوبارہ بات ہوئی اب جو چیزیں فائنل ہوئی ہیں اور جو تھوڑا بہت فرق رہ گیا ہے اس پر دوبارہ وہ مشاورت کرنے گئے ہیں ہم معاہدے کے بہت نزدیک پہنچ چکے ہیں۔
اہم خبریں سے مزید