کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کے سینئر وزیر و صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حکومت سندھ نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانے اور ڈی میرٹ پوائنٹس کا نیا نظام نافذ کردیا۔حکومت کا مقصد صرف جرمانے وصول کرنا نہیں بلکہ شہریوں کی زندگیاں محفوظ بنانا ہے۔ سینئر وزیر کے مطابق موٹر وہیکلز آرڈیننس 1965ءکی شق121-Aکے تحت بارہویں شیڈول میں ترمیم کرتے ہوئے پورےصوبے میں نیا نظام نافذ کردیا گیا ہے، جس کے تحت اوور اسپیڈنگ، سگنل توڑنے، غلط سمت میں گاڑی چلانے، اوورلوڈنگ اور بناء لائسنس ڈرائیونگ سمیت درجنوں خلاف ورزیوں پر سخت کارروائی ہوگی، نئی فہرست میں گاڑیوں کی اقسام کے حساب سے جرمانے بڑھائے گئے ہیں، جن میں موٹر سائیکل، کار/جیپ، پبلک سروس وہیکل اور ہیوی ٹرانسپورٹ شامل ہیں۔