• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آزاد کشمیر، وفاقی وزراء اور عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان مذاکرات کامیاب، 25 نکاتی معاہدہ

مظفر آباد (اے پی پی) وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے نامزد اعلی سطح کی کمیٹی اور جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان طویل مشاورتی عمل کے بعد 25نکاتی معاہدہ طے پاگیا جسکے بعد عوامی ایکشن کمیٹی نے لاک ڈائون، پہیہ جام ہڑتال ختم اور کاروباری سرگرمیاں بحال ہوگئیں۔ 25نکاتی معاہدے کے تحت کابینہ کا حجم 20 وزرا تک محدود رکھا جائیگا، لوکل گورنمنٹ بحال، ہیلتھ کارڈ کیلئے فنڈز کا اجراء، گرفتار مظاہرین رہا، جاں بحق افراد کے لواحقین کو معاوضہ دیا جائیگا، حکومت پاکستان آزاد کشمیر کے بجلی نظام کی بہتری کیلئے 10 ارب روپے دیگی۔ ہفتے کو دو روزہ طویل مذاکراتی عمل کے بعد علی الصبح دونوں فریقوں کے درمیان اس معاہدے پر دستخط کئے گئے جسکے تحت آزادکشمیر میں وزرا کی تعداد 32 سے کم کرکے 20 کردی گئی ہے،مہاجر ممبران کو وزارتوں سے الگ کردیا گیا جبکہ انکے ترقیاتی فنڈز بھی روک دیے گئے ہیں،پونچھ اور مظفرآباد ڈویژن میں دو نئے تعلیمی بورڈ قائم کئے جائینگے، معاہدہ 12 بنیادی اور 13 اضافی نکات پر مشتمل ہے۔ معاہدے کے مطابق حالیہ پرتشدد واقعات پر توڑ پھوڑ اور تشدد سے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عوام کی اموات پر انسداد دہشت گردی ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج ہونگے، بوقت ضرورت عدالتی کمیشن بھی بنایا جائیگا۔ یکم اور 2 اکتوبر کے واقعات میں جاں بحق افراد کے ورثا کو سکیورٹی اہلکاروں کے برابر معاوضہ دیا جائیگا، گولی لگ کر زخمی ہونے والوں کو 10 لاکھ اور ورثا کو 20 دن میں سرکاری نوکری دی جائیگی۔مظفرآباد اور پونچھ میں 2 نئے تعلیمی بورڈ قائم ہوں گے، تینوں بورڈز کو وفاقی تعلیمی بورڈ اسلام آباد سے منسلک کیا جائیگا۔ منگلا ڈیم توسیعی منصوبے میں میرپور کے متاثرہ خاندانوں کو 30دن میں زمین کا قبضہ دیا جائیگا۔لوکل گورنمنٹ ایکٹ 1990 کی روح کے مطابق 90 دن میں ترامیم ہونگی۔ آزاد کشمیر حکومت 15 دن میں ہیلتھ کارڈ کیلئے فنڈز جاری کریگی۔ ہر ضلع میں مرحلہ وار ایم آر آئی اور سی ٹی اسکین مشینیں فراہم کی جائیں گی۔

اہم خبریں سے مزید