اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار)سی ٹی او اسلام آباد نے ٹریفک ہیڈ کوارٹرز فیض آباد کا دورہ کیا۔تفصیلات کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں نے شہریوں کو بہتر ین سہولیات کی فراہمی اور سروسز کی موثر نگرانی کیلئے ٹریفک ہیڈکوارٹرز فیض آباد کا دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے لائسنسنگ برانچ میں جاری خدمات کا تفصیلی جائزہ لیا اور شہریوں سے براہ راست ملاقات کر کے ان کے مسائل اور تجاویز سنیں،دورے کے دوران اسلام آباد ٹریفک پولیس کے سینئر افسران نے سروسز، پروسیسنگ اور دیگر امور پر بریفنگ دی، سی ٹی او حمزہ ہمایوں نے عملے کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کا عمل مزید آسان، تیز اور شفاف بنایا جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے،انہوں نے اس موقع پر ڈیوٹی پر مامور افسران و جوانوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہاکہ اسلام آباٹریفک پولیس کے افسران و جوان اپنے فرائض منصبی بخوبی سرانجام دینے میں ہمہ وقت مصروف عمل ہیں،جبکہ ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ افسران ڈیوٹی کے دوران شہریوں کے ساتھ حسن سلوک سے پیش آئیں۔