کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے جنوبی افریقاکے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز کیلئے دو کھلاڑیوں کو کم کرکے اسکواڈ کو سولہ رکنی کردیا ہے۔ 18رکنی ٹیسٹ اسکواڈ کو مختصر کرتے ہوئے عامر جمال اور فیصل اکرم کو ریلیز کردیا گیا ہے۔ جنوبی افریقا کی ٹیم بدھ کی صبح لاہور پہنچ رہی ہے۔ اس وقت اس کا تربیتی کیمپ پریٹوریا میں جاری ہے ۔ لاہور میں کیمپ میں بارش کے باعث کھلاڑیوں نے ان ڈور ٹریننگ کی آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کی وجہ سے آؤٹ ڈور سیشن نہ ہو سکا۔ پاکستان ٹیم کا کیمپ 8 اکتوبر تک این سی اے میں جاری رہے گا۔ پاکستانی ٹیسٹ ٹیم میں39سالہ آصف آفریدی کو شامل کرنے پر اعتراجات سامنے آئے ہیں۔ اجلاس میں اینٹی کرپشن کی جانب سے حال ہی میں سزا مکمل کرنے کے معاملے کو بھی اٹھایا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف آفریدی کو نعمان علی کے متبادل کے طور پر شامل کیا گیا ، تاہم ٹیسٹ ٹیم میں نعمان علی فرسٹ چوائس اسپنر ہیں۔ اگر فٹنس کا مسئلہ ہوتا ہے تو تجربہ کار بولر کی موجودگی کو یقینی بنایا گیا ہے ۔ سلیکٹر کا کہنا ہے کہ اگر کھلاڑی فٹ ہے اور کارکردگی دکھا رہا ہے تو عمر کی حد کی پابندی نہیں ہونی چاہیے ، اگر کسی کی ضرورت ہے تو کھیلنا چاہیے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کسی کرکٹر کو منتخب نہ کرنے کے حوالے سے نہیں بتایا گیا۔ آصف آفریدی ڈومیسٹک کرکٹ اور پی ایس ایل پہلے کھیل چکے ہیں ، ان پراب کسی پابندی کا کوئی اطلاق نہیں ہے ۔ یاد رہے کہ 30 ستمبر کو قومی سلیکشن کمیٹی نے دورہ جنوبی افریقہ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کیا تھا۔ سلیکشن کمیٹی کی جانب سے ٹیسٹ اسکواڈ میں شان مسعود کو کپتان برقرار رکھا گیا اور 3 نئے کھلاڑیوں آصف آفریدی، فیصل اکرم اور روحیل نذیر کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا جب کہ عامر جمال کی اسکواڈ میں واپسی ہوئی تھی۔ دورہ جنوبی افریقاکے لیے پاکستان کا ٹیسٹ اسکواڈ اب 16 رکنی ہوگیا ہے۔ پہلا ٹیسٹ 12 سے 16 اکتوبر کو لاہور میں کھیلا جائے گا جب کہ دوسرا ٹیسٹ 20 سے 24 اکتوبر راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ پاکستانی ٹیم میں شان مسعود (کپتان)، عبداللہ شفیق، امام الحق، بابر اعظم، سلمان علی آغا، سعود شکیل، کامران غلام، محمد رضوان، روحیل نذیر، ساجد علی، نعمان خان، ابرار احمد، آصف آفریدی، حسن علی، خرم شہزاد اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔