کراچی(اسٹاف رپورٹر) ویزے مسائل کی وجہ سے اے ایف سی ایشین کپ کوالیفائرز میں پاکستان ٹیم کا ہوم گرائونڈ پر افغانستان کے خلاف 9 اکتوبر جمعرات کو میچ مشکل میں پڑگیا۔ منگل کی شام تک افغانستان فٹبال ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کو ویزے جاری نہیں ہوئے تھے۔ پاکستان فٹبال فیڈریشن نے اضافی مالی بوجھ قرار دے کر میچ کو نیوٹرل وینیو پر منتقل کرنے کی مخالفت کی ہے۔ اے ایف سی ذرائع کا کہنا ہے کہ میچ ری شیڈول کیا جاسکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق منگل کو کابل میں پاکستانی سفارت خانے میں بائیو میٹرکس کرانے کے بعد 10 پلیئرز اور تین آفیشلز کو ویزے جاری ہوئے تھے تاہم اکثر افغان پلیئرز ملک سے باہر مقیم ہیں اور انہیں ویزے جاری نہیں ہوسکے۔ ذرائع کے مطابق معاملہ افغانستان فٹبال فیڈریشن کی غلطیوں کی وجہ سے خراب ہوا ہے۔ افغانستان نے ویزہ درخواست تاخیر سے اور میچ سے صرف 11 روز قبل 27 ستمبر کو جمع کرائیں جبکہ اے ایف سی ریگولیشن کے مطابق درخواستیں کم از کم 30 روز قبل جمع کرانا ہوتی ہیں۔