کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے مشیر وزیراعظم برائے سیاسی امور، سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کہاہےکہ بلاول کو تجویز دینی تھی تو فون پر دے دیتے۔ ایسا بالکل نہیں ہے کہ مریم پنجاب کارڈ کھیل رہی ہیں،پیپلز پارٹی کےرہنما قمر زمان کائرہ نے کہاکہ ہماری پارٹی کی طرف سے بھی جو باتیں ہوئیں وہ نہیں ہونی چاہئیں تھیں ، تحریک انصاف چاہتی ہے کہ وہ اپنی لڑائی ہمارے ذریعے لڑے ایسے نہیں ہونے جارہا،میزبان شاہزیب خانزادہ نےتجزیہ پیش کرتے ہوئے کہاکہ نون لیگ او رپیپلز پارٹی کے درمیان تناؤ بڑھتا جارہا ہے ۔ مشیر وزیراعظم برائے سیاسی امور، سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کہاکہ ہم اکثر معاملات میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون بھی کرتے ہیں اور اختلاف بھی کرتے ہیں ہم مخالف سیاسی جماعتیں ضرور ہیں دشمن سیاسی جماعتیں نہیں ہیں۔بلاول بھٹو نے سیلاب زدگان کے کیمپوں کا دورہ کیا اس کے بعد پریس کانفرنس میں جو کہا اس پر ہم اختلاف کرتے ہیں ہم نے اس سے یہ اخذ کیا کہ وہ جو تجویز دے رہے ہیں ا س کے پس پردہ وہ یہ کہنا چاہتے ہیں کہ ہم کام ٹھیک نہیں کر رہے ہیں وہ بات وزیراعلیٰ پنجاب کو ناگوار گزری اور اس کا جواب مریم نواز کو دینا تھا۔