ملتان (سٹاف رپورٹر)آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین کی مرکزی قیادت کی کال پر ملک بھر کی طرح میپکو ریجن ملتان میں بھی ڈسٹری بیوشن کمپنیز کی نجکاری کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، نظامت کے فرائض ریجنل ڈپٹی چیئرمین سجاد بلوچ نے سر انجام دیے،احتجاجی ریلی میں چیف آفس،آپریشن،جی ایس سی،کنسٹرکشن،جی ایس او،فنانس آفس،آڈٹ،ایم اینڈ ٹی،ٹی آر ڈبلیو،ٹریننگ سینٹر،کمرشل آفس کے عہدے داران و کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی، اس موقع پر ریجنل چیئرمین میپکو چوہدری غلام رسول گجر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھر میں بجلی کمپنیوں کے ملازمین اپنی محکمانہ ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے ساڑھے چار کروڑ صارفین کو بجلی کی سہولت مہیا کر رہے ہیں اور سپلائی کو جاری رکھنے کے لیے درجنوں ملازمین حادثات کا شکار ہو کے اپنی قیمتی جانیں قربان کر دیتے ہیں جب کہ کثیر تعداد میں ملازمین زندگی بھر کے لیے معذور ہو جاتے ہیں، ڈسٹریبیوشن کمپنیز کی فروخت صارفین اور ملازمین کے ساتھ دشمنی اور زیادتی ہوگی، چوہدری محمود امجد نے کہا میپکو کو جدید فنی آلات اور ملازمین کو ہنر مندی دیکر مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے،حالانکہ میپکو، فیسکو، گیپکو کمپنیاں شدید مشکلات کے باوجود اربوں روپے کا منافع دے رہی ہیں، سید عاطف زیدی نے اس موقع پر اعلان کیا کہ میپکو ریجنل یونین مرکز کی ہدایات کے مطابق میپکو کمپنی کی نجکاری کو روکنے کے لیے ریجن بھر میں نجکاری سے بچاؤ مہم مزید تیز کرے گی، ہم محنت کش ملازمین چاہتے ہیں کہ حکومت محکمہ بجلی کی تحفظ کے لیے ہمارے مرکزی قائدین کے ساتھ مذاکرات کرے۔