ملتان (سٹاف رپورٹر)کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت ڈویژنل زرعی کمیٹی برائے گندم کاشت کا پہلا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمشنر عامر کریم خاں نے ڈپٹی کمشنرز کو فی ایکڑ گندم کی کاشت میں اضافے کی ذاتی نگرانی کرنے کی ہدایت کی۔کمشنر نے بتایا کہ ڈویژن میں 17 لاکھ 76 ہزار ایکڑ پر گندم کی کاشت کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس کے حصول کے لیے تمام اضلاع کو متحرک کیا گیا ہے۔ کمشنرنے واضح کیا کہ ڈویژن میں کسی قسم کی کھاد یا بیج کی قلت نہیں، تمام ذخائر وافر مقدار میں دستیاب ہیں۔ ملتان میں 25 اکتوبر سے گندم کی کاشت کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا۔ انہوں نے کھاد یا فاسفورس کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم بھی دیا۔