راولپنڈی (خصوصی نمائندہ)چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی محمد عدنان خان اور کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان نے امتحان میٹرک سیکنڈ اینول 2025 کے سلسلے میں مختلف امتحانی مراکز کا معائنہ کیا۔ چیئرمین بورڈ نے امتحانی مراکز میں سی سی ٹی وی کیمروں، آن لائن مانیٹرنگ سسٹم، امتحانی عملے کی حاضری اور مجموعی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ چیئرمین بورڈ نے کہا کہ تمام امتحانی مراکز کی روزانہ بنیاد پر نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ نقل اور بدنظمی کا مکمل خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔ چیئرمین بورڈ نے واضح کیا کہ کسی بھی امیدوار یا عملے کو ضابطے کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ کنٹرولر امتحانات تعلیمی بورڈ راولپنڈی تنویر اصغر اعوان نے گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج اسٹیشن روڈ راولپنڈی کا دورہ کیا، دورے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بورڈ آفس کے مرکزی کنٹرول روم سے جدید مانیٹرنگ سسٹم کے تحت امتحانی مرکز گورنمنٹ گریجویٹ کالج کہوٹہ (مشترکہ) میں چار امیدوار نقل کرتے ہوئے پکڑے گئے۔ جن میں عبد المنان رولنمبر 216586، زعفران افتخار رولنمبر 216620،سلیمان رولنمبر216645اور ملک شازیب اختر رولنمبر 216647شامل ہیں۔ جن کے خلاف فوری طور پر نقل کیس درج کرکے ڈسپلن برانچ کو بھجوا دیے گئے تاکہ ضابطے کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ تنویر اصغر اعوان نے کہا کہ بوٹی مافیا کے خلاف زیرو ٹارلینس پالیسی پر سختی سے عمل ہو رہا ہے اور کسی بھی قسم کی غفلت یا بدعنوانی برداشت نہیں کی جائے گی۔