• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جید علماء کرام کی انسداد پولیو کے لیے حمایت کی تجدید

پشاور (جنگ نیوز) مختلف مکاتب فکر کے جید علماء کرام نے بچوں کی بہتر صحت کو یقینی بنانے اور انہیں زندگی بھر کی معذوری سے محفوظ رکھنے کیلئے حفاظتی ٹیکہ جات اور پولیو ویکسی نیشن کی مکمل اور غیر متزلزل حمایت کی تجدید کرتے ہوئے کمیونٹی کی سطح پر پولیو ویکسین کے بارے میں موجود خرافات اور غلط فہمیوں کو دور کرنے میں اپنا کردارجاری رکھنے کا عہد کیا۔اس عزم کا اظہارانہوں نے یونیسف کے تعاون سے ایمرجنسی آپریشنز سنٹر اور متحدہ علماء بورڈ کے باہمی اشتراک سے انسداد پولیو مہم کی افتتاح کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب کے موقع پر کیا۔ مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے جید علماء کرام نے افتتاح جامعہ اشرفیہ پشاو میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر مہم کا افتتاح کیا۔ تقریب میں ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ/ای او سی کوآرڈینیٹرشفیع اللہ خان، شیخ الحدیث مولانا احسان الحق، چیئرمین متحدہ علماء بورڈ، شیخ الحدیث مو لانا حسین احمد، صدر اتحاد تنظیمات مدارس، مفتی ظفرزمان حقانی، کوارڈینیٹر متحدہ علماء بورڈ ا، ڈپٹی کوآرڈینیٹر ای او سی، لطیف الرحمان، ڈپٹی کمشنر پشاور، کیپٹن ثناء اللہ خان، ٹیم لیڈ یونیسف ڈاکٹر انووا، ٹیم لیڈ این سٹاپ، ڈاکٹر محمد عمران، ٹیکنیکل فوکل پرسن پی ای آئی، ڈاکٹر علی حیدر، صوبائی پولیو آفیسر ڈبلیو ایچ او، ڈاکٹر سردار عالم اور مختلف مکاتب فکر کے سو سے زائد نامور ائمہ کرام اور خطباء کرام نے شرکت کی۔ تقریب میں اپنے خطابات میں شیخ الحدیث مولانا احسان الحق چئیرمن متحدہ علماء بورڈ،شیخ الحدیث مولانا حسین احمد صاحب صدر اتحاد تنظیمات مدارس۔مفتی ظفرزمان حقانی کوارڈینیٹر متحدہ علماء بورڈ اور دیگر جید علماء کرام نے پولیو مرض کے خلاف شعور وآگاہی اور شرعی تعلیمات و رہنمائی کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہا کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پولیو ایک خطرناک مگر قابلِ تدارک مرض ہے اور اس کے خاتمے کے لیے حکومت، علمائکرام، معاشرے کے دیگر تمام طبقات کو متحد ہو کر جدوجہد کرنا ہوگی۔ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ /ای او سی کوارڈینیٹر شفیع اللہ خان نے شرکاء سے اپنے خطاب میں کہا کہ پولیو کا خاتمہ حکومتِ پاکستان اور پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ اور امید ظاہر کی کہ علماء کرام اور معاشرے کے دیگر طبقات کی مدد و حمایت سے ہم بہت جلد پاکستان کو اس موذی مرض سے پاک کر دیں گے۔
پشاور سے مزید