ملتان (سٹاف رپورٹر)کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت میونسپل کارپوریشن ملتان کی ترقیاتی سکیموں بارےجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔کمشنر نے گردیزی مارکیٹ میں واش رومز کی تعمیر سے متعلق عوامی شکایات پر فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مبشر الرحمن کو موقع پر جا کر حالات کا جائزہ لینے اور رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے حسین آگاہی میں زیر تعمیر واش رومز کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے واضح کیا کہ تعمیراتی کاموں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔عامر کریم خاں نے بتایا کہ آٹھ نمبر پر شہریوں کی سہولت کے لیے انتظار گاہ اور سٹنگ ایریا تیار کیا جا رہا ہے تاکہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں، ای بس منصوبے کے تحت میونسپل کارپوریشن کی حدود میں 49 بس شیڈز تعمیر کیے جائیں گے۔انہوں نے پیر خورشید کالونی کی سڑک کی بحالی کے لیے واسا اور میونسپل کارپوریشن کو مشترکہ سکیم بنانے کی ہدایت دی۔ کمشنر نے اداروں کو باہمی رابطہ بہتر بنانے اور ترقیاتی سکیموں کو جلد از جلد مکمل کرنے پر زور دیا۔اجلاس کے دوران نشتر روڈ پر رش کم کرنے کے لیے پارکنگ پلان پر بریفنگ دی گئی۔ کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ رش کے باعث مریضوں کو اسپتال پہنچنے میں تاخیر ناقابل برداشت ہے۔اجلاس میں سی او اقبال خاں نے دیگر ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی ۔