• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور ٹیسٹ، پاکستان کی مستحکم پوزیشن، 313 پر پانچ آؤٹ، پچ اسپن کے لیے سازگار

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بابر اعظم ایک بار پھر اسپنرز کیخلاف مشکلات سے دوچار دکھائی دیے لیکن جنوبی افریقا کے خلاف پاکستانی بیٹنگ لائن چل گئی۔ امام الحق، کپتان شان مسعود، محمد رضوان اور سلمان علی آغا کی نصف سنچریوں کی بدولت پہلے ٹیسٹ کے افتتاحی روز پانچ وکٹ پر313 رنز بناکر مضبوط پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ بائیں ہاتھ کے اوپنر امام الحق سات رنزکی کمی سے چوتھی ٹیسٹ سنچری مکمل نہ کرسکے۔ انہوں نے شان مسعود کے ساتھ دوسرے وکٹ کی پارٹنرشپ میں161رنز بنائے۔ امام الحق اور سعود شکیل دو لگاتار گیندوں پر آوٹ ہوئے ، محمد رضوان اور سلمان علی آغا نے چھٹی وکٹ پر114رنز جوڑ کر پاکستان کو مشکلات سے نکالا۔ قذافی اسٹیڈیم میں اتوار کو پچ اسپنرز کیلئے سازگار تھی۔ پہلی وکٹ فاسٹ بولر ربادا نے حاصل کی، اسپنرز نے چار وکٹ حاصل کئے لیکن 248رنز دیئے۔ محمد رضوان107 گیندوں پر دو چھکے اور دوچوکوں کی مدد سے 62 جبکہ ٹی ٹوئنٹی کپتان سلمان آغا 83گیندوں پر ایک چھکا اور دو چوکے لگاکر 52 رنز پر ناٹ آئوٹ ہیں ۔ شان مسعود نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پہلی وکٹ تیسری ہی گیند پر گرگئی، اوپنر عبداللہ شفیق 2 رنز بنانے کر کگیسو ربادا کا شکار بنے۔ کپتان شان مسعود نے امام الحق کے ساتھ ملکر اسکور بورڈ آگے بڑھایا ۔ شان مسعود 76 رنز بنانے کے بعد پرینیلن سبریئن کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے 147گیندوں کا سامنا کیا ایک چھکا اور9 چوکے مارے، امام ایک کیچ ڈراپ ہونے کے بعد 93 رنز پر سینوران متھوسامی کا شکار بن گئے۔ ان کی اننگز میں ایک چھکا اور سات چوکے شامل تھے۔ بابر اعظم ایک رن پر کاٹ بی ہائینڈ قرار دیئے گئے لیکن ریویو نے بچالیا۔ البتہ وہ 23 رنز ہی بناسکے۔ سعود شکیل کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس لوٹ گئے۔ جنوبی افریقا کے سینوران متھوسامی نے 101رنز دے کر دو، کاگیسو ربادا ، سائمن ہارمر اور پرینیلن سبریئن نے ایک ایک وکٹ لی۔ پاکستان نے میچ کیلئے وائرل بخار سے صحت یاب ہونے والے ساجد خان اور نعمان علی ٹیم میں شامل کیا ۔ شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی فاسٹ بولنگ کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔

اسپورٹس سے مزید