کراچی (نیوز ڈیسک) بھارت میں ایک شخص کے ساتھ سوشل میڈیا پوسٹ پر ذلت آمیز سلوک، دوسرے شخص کے پاؤں دھلانے اور وہی پانی پینے پر مجبور کیا گیا، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں ایک شخص کو سوشل میڈیا پوسٹ پر "سزا" کے طور پر سرعام ذلت آمیز سلوک کا نشانہ بنایا گیا۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب متاثرہ شخص نے انسٹاگرام پر ایک اے آئی سے تیار کردہ تصویر پوسٹ کی، جس میں ایک مقامی شخص کو جوتوں کے ہار پہنے دکھایا گیا تھا۔ اس کے جواب میں گاؤں کے چند افراد نے اسے پکڑ کر دوسرے شخص کے پاؤں دھلانے اور وہی پانی پینے پر مجبور کیا۔ اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے، جس کے بعد پولیس نے کارروائی شروع کر دی ہے۔