• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گورنر صاحب فوری پشاور پہنچیں، بلاول

پشاور، کراچی (نیوز رپورٹر، اسٹاف رپورٹر) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو فوری طور پر پشاور پہنچ کر عدالتی حکم پر عملدرآمد کرنے کی ہدایت کر دی۔انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ کو ہدایت کہ وہ گورنر خیبرپختونخوا کو طیارہ فراہم کریں،جبکہ گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا ہے کہ انہوں نے حلف لینے سے کبھی انکار نہیں کیا، آئینی فرض ادا کرونگا، پی آئی رہنما اسد قیصر کا کہنا ہے کہ آج قانون کی فتح ہوئی ہے، چیف جسٹس کا شکریہ ،جنید اکبر نے کہا وزیراعلیٰ چناؤ آئینی اور قانونی طریقے سے ہوا،ادھر جمعیت علمائے اسلام کی جانب سے خیبر پختونخوا کے نئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا انتخاب چیلنج کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو فوری طور پر پشاور پہنچ کر عدالتی حکم پر عملدرآمد کرنے کی ہدایت کر دی۔کراچی میں نجی تقریب سے خطاب کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے اپنے سامنے بیٹھے فیصل کریم کنڈی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ گورنر صاحب، آپ کو خیبرپختونخوا پہنچنا چاہیے۔بعد ازاں فیصل کریم کنڈی نے پارٹی چیئرمین کےحکم کے مطابق پشاور کیلئے فوری اڑان کی تیاری کرلی۔میڈیا سے گفتگو کے دوران گورنر خیبرپختونخوا نے واضح کیا کہ میں نے ہمیشہ کہا ہے کہ قانون اور آئین پر عملدرآمد کریں گے۔فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ میرا جواب ہائیکورٹ میں جمع ہوچکا ہے، میں آج رات ہر صورت میں پشاور پہنچ جاؤں گا اور میرا جو آئینی فرض ہے، وہ ادا کروں گا۔انہوں نے کہا کہ گورنر کے پاس طیارہ نہیں ہوتا، وزیر اعلیٰ سندھ سے درخواست کی ہے، وہ اپنا طیارہ فراہم کریں گے۔دریں اثناء پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر جنید اکبر نے کہا ہے کہ آج پشاور ہائیکورٹ نے آئین اور قانون کے مطابق ہمیں ہمارا حق دیا ہے ،ہم نے سیاسی اور قانونی جنگ لڑی جبکہ سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ آج قانون کی فتح ہوئی ہے، چیف جسٹس نے میرٹ پر فیصلہ دیا ، اس طرح فیصلے ہونگے تو ہم عدالتوں کے ساتھ ہیں۔26 ویں آئینی ترمیم کے بعد اس طرح فیصلہ جرات مندانہ فیصلہ ہے ۔پشاور ہائیکورٹ سے وزیراعلی سے حلف لینے کے فیصلے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں اوروکلاءنے پارٹی کے حق میں نعرے بھی لگائے۔ ہائیکورٹ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے جنید اکبر نے کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم کے بعد بھی انہیں عدالتوں پر اعتماد ہے اور اس لئے نومنتخب وزیراعلیٰ سے حلف کیلئے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کیا ۔تمام سیاسی جماعتوں کا بھی مشکور ہوں جنہوں نے جمہوری عمل میں ساتھ دیا۔

اہم خبریں سے مزید