• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کابل پر حملے کے بعد جنگ بندی، فتنہ الخوارج کی قیادت اور مرکز تباہ، جھڑپوں میں 50 طالبان اور جنگجو ہلاک

اسلام آباد، راولپنڈی (نیوز رپورٹر، طاہر خلیل، ایجنسیاں) پاکستان کی جانب سے کابل پر حملے کے بعد فریقین میں جنگ بندی ہوگئی، پاکستانی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ 48گھنٹے کی جنگ بندی کا فیصلہ طالبان رجیم کی درخواست پر کیا گیا، سیز فائر کے دوران فریقین مسئلے کا حل تلاش کرنے کی مخلصانہ کوشش کرینگے، قبل ازیں پاک فوج نے افغان طالبان کے بزدلانہ حملے کو پسا کرتے ہوئے اسپن بولدک، نوشکی، چمن، ژوب اور کرم سیکٹر میں کئی افغان پوسٹیں اور پناہ گاہیں مکمل تباہ کر دی گئیں، جھڑپوں میں 50 طالبان اور جنگجو ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے، سیکورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان نے قندھار اور کابل میں افغان طالبان اور خوارج کے ٹھکانوں پر ٹارگنڈ کارروائی کی اور فتنہ الخوارج کی قیادت اور مرکز تباہ کر دیا گیا، قندھار پر فضائی حملے میں افغان بٹالین ہیڈ کوارٹر اور بریگیڈ تباہ کردیا گیا،شہری آبادی سے الگ تمام اہداف باریک بینی سے منتخب اور کامیابی سے تباہ کئے گئے، پاک فوج نے فتنہ الخوارج کے حملے کو پسپا کردیا اور جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسپن بولدک، نوشکی، چمن، ژوب اور کرم سیکٹر میں کئی افغان بٹالین اور بریگیڈ مکمل تباہ کردیا، دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزراء نے ملاقاتیں کیں، جس میں داخلی وخارجی سیکورٹی صورتحال پرگفتگو کی گئی، صدر اور وزیراعظم نے افغان جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے پاک فوج کی چوکسی اور مہارت کی تعریف کی، وزیراعظم نے کہا کہ ملکی سلامتی کا ہر صورت دفاع کیا جائیگا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کی حکومت اور افغان طالبان رجیم کے درمیان طالبان کی درخواست پر دونوں کی باہمی رضامندی سے بدھ کی شام 6بجے سے اگلے 48 گھنٹوں کیلئے عارضی طور پر سیز فائر کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بدھ کو وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق اس دوران دونوں فریقین تعمیری بات چیت کے ذریعہ اس پیچیدہ مگر قابل حل مسئلہ کا مثبت حل تلاش کرنے کی مخلصانہ کوشش کریں گے۔ علاوہ ازیں سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے قندھار میں افغان طالبان بٹالین ہیڈکوارٹرنمبر 4، 8 بٹالین اور بارڈر بریگیڈ نمبر 5 کے اہداف کو نشانہ بنایا، یہ تمام اہداف باریک بینی سے منتخب کئے گئے جو شہری آبادی سے الگ تھلگ تھے اور کامیابی سے تباہ کئے گئے۔ پاک فوج نے سپن بولدک چمن میں افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے حملوں کو ناکام بنادیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کی جانب سے 3 مقامات پر حملہ کیا گیا، پاک فوج کی جوابی کارروائی نے افغان طالبان کو پسپا ہونے پر مجبور کیا، کارروائی کے دوران 15 سے 20 افغان طالبان کو ہلاک کر دیا گیا۔ سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے پاک افغان دوستی گیٹ کو اپنی طرف سے اُڑا دیا، چمن میں جاری کشیدگی کے باعث بدھ کو تمام تعلیمی ادارے بند کر دیئے گئے اور پولیو مہم کو بھی عارضی طور پر معطل کر دیا گیا، معلوم ہوا ہے کہ پاک فوج نے کرم سیکٹر پر بھی افغان طالبان کی ایک اور حملے کی کوشش کو ناکام بنایا، اس کارروائی میں افغان طالبان کی 8 پوسٹیں اور 6 ٹینک تباہ کیے گئے، متعدد دہشتگرد ہلاک ہوئے اور امریکی ساخت کا اسلحہ بھی قبضے میں لیا گیا۔ علاوہ ازیں افغان فورسز کی جانب سے چمن میں بلا اشتعال فائرنگ کی گئی جسکے نتیجے میں 2 بچوں سمیت 4 شہری زخمی ہوئے۔


اہم خبریں سے مزید