اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان میں نئے تعینات ہونے والے چار ممالک کے سفیروں نے ایوان صدر میں منعقدہ تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری کو اپنی اسناد سفارت پیش کیں۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق جن سفیروں نے اسناد سفارت پیش کیں ان میں کینیڈا کے ہائی کمشنر طارق علی خان، جمہوریہ لبنان کے سفیر عبدالعزیز عیسی، نیدرلینڈز کے سفیر رابرٹ جان سیگرٹ اور نیوزی لینڈ کے نان ریزیڈنٹ ہائی کمشنر ڈیوڈ پائن (جو کولمبو میں مقیم ہیں) شامل تھے۔ ایوان صدر آمد پر معزز سفیروں کو پاک افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔نئے سفیروں کا خیرمقدم کرتے ہوئے صدر مملکت آصف علی زرداری نے انہیں ان کی تعیناتی پر مبارکباد دی اور اعتماد کا اظہار کیا کہ ان کی تقرریاں پاکستان کے ان کے ممالک کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں گی۔ صدر مملکت نے کینیڈا کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ اور دوستانہ تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعاون کو بڑھانے خاص طور پر انفارمیشن ٹیکنالوجی، توانائی اور معدنیات کے شعبوں میں تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔لبنان کے سفیر سے بات چیت میں صدر مملکت نے لبنان کی حکومت اور عوام کے ساتھ پاکستان کی بھرپور یکجہتی کے عزم کا اظہار کیا اور اسرائیلی جارحیت کی سختی سے مذمت کی۔ انہوں نے لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لئے پاکستان کی مسلسل حمایت کا یقین دلایا اور دوطرفہ تجارت، سکیورٹی اور دہشت گردی کے خلاف تعاون کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ نیدرلینڈز کے سفیر سے ملاقات کے دوران صدر مملکت نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت خاص طور پر تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔