کراچی(اسٹاف رپورٹر) جوہر بارو ملائیشیا میں کھیلے جانے والے 13ویں سلطان آف جوہر ہاکی کپ میں تیسری چوتھی پوزیشن کے میچ میں برطانیہ نے پاکستان کو دو کے مقابلے میں تین گول سے ہرادیا۔پاکستان کی جانب سے کپتان حنان شاہد اور محمد سفیان خان نے ایک ایک گول ا سکور کیا۔ جبکہ برطانیہ کی جانب سے کیڈن،مائیکل اور ہنری نے ایک ایک گول بنائے، ایونٹ کے فائنل میں آسٹریلیا نے بھارت کو سخت مقابلے کے بعد2-1سے شکست دے کر ٹائٹل جیت لیا میزبان ملائیشیا نے نیوزی لینڈ کو3-5سے ہراکر پانچویں پوزیشن حاصل کی،پاکستان نے ایونٹ میں برطانیہ کے خلاف دو بار شکست کا سامنا کیا، اس نے واحد کامیابی ملائیشیا کے خلاف حاصل کی ۔ٹیم کے ہیڈ کوچ کامران اشرف نے کہا کہ ناتجربہ کاری کی وجہ سے ٹیم بڑی ٹیموں کے خلاف جیت نہیں سکی،ہمارے کھلاڑیوں نے ان میچوں میں گول کے یقینی مواقع ضائع کئے جس کی وجہ سے ہم جیت نہیں سکے۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر میر طارق حسین بگٹی اور سیکرٹری رانا مجاہد علی خاں نے جونیئر ٹیم کو ایونٹ میں پرفارمنس پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مستقبل کیلئے خوش آئند قرار دیا۔