کراچی( نصر اقبال،اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ملکی سطح پر پہلی قومی جونیئر ہاکی لیگ کرانے کا فیصلہ کیا ہے جس میں چاروں صوبوں کے علاوہ اسلام آباد اور گلگت کی ٹیموں کو شامل کیا جائے گا، لیگ کے لئے پی ایچ ایف نے ایس ایس ایم کو مین اسپانسر کے طور پر رکھا ہے، لیگ کا نام ہیرو پاکستان ہے جس کا مقصد مستقبل کے نئے کھلاڑیوں کوتلاش اور گروم کرنا ہے،لیگ کے لئے ٹیموں کی فرنچائز کو فروخت کیا جائے گا، پی ایچ ایف کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ہیروز سپر ہاکی کے کلیدی مقاصد پاکستان کی ہاکی کے لیے ایک پائیدار ٹیلنٹ پائپ لائن قائم کرنا، نچلی سطح کے بنیادی ڈھانچے کو جدید بنانا، میڈیا، کمرشل اور شائقین کی مصروفیت کو بڑھانا ہے۔ امکان ہے کہ لیگ دسمبر میں کرائی جائے گی جس کے میچز پنڈی، لاہور اور کراچی میں ہوں گے۔