• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی گندم پالیسی کی منظوری، امدادی قیمت 3500 روپے فی من مقرر

اسلام آباد( نیوز ر پورٹر)حکومت نے گندم قومی پالیسی 2025-26 کی منظوری دیدی، وفاقی اور صوبائی حکومتیں گندم کی فصل سے تقریبا6اعشا ر یہ 2 ملین ٹن کے اسٹرٹیجک ذخائر حاصل کریں گی، خریداری 3,500 روپے فی من، گندم کی بین الاقوامی درآمدی قیمت کے مطابق کی جائیگی، پا لیسی کے تحت پاکستان بھر میں گندم کی دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے اس کی بین الصوبائی نقل و حرکت پر کوئی پابندی نہیں ہوگی۔ وزیراعظم نے کہا حکومت کسانوں کو درپیش مشکلات سے بخوبی آگاہ ہے، نئی گندم پالیسی کے تحت کسانوں کو مناسب قیمت دی جائیگی۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت گزشتہ روز گندم پالیسی 2025-26 سے متعلق اعلیٰ سطح اجلاس ہوا۔ اجلاس میں پنجاب، سندھ، بلوچستان اور گلگت بلتستان کے وزرائے اعلیٰ، خیبرپختونخوا کے وزیرِ اعلی کے نمائندے، جموں و کشمیر کے وزیراعظم اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز شریک تھے۔ وزیر اعظم نے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک زرعی معیشت ہے اور گندم کی فصل کلیدی اہمیت کی حامل ہے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ گندم نہ صرف پاکستان کے لوگوں کی بنیادی خوراک ہے بلکہ ملک کے کسانوں کے لیے آمدنی کا سب سے بڑا ذریعہ بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کسانوں کو درپیش مشکلات سے بخوبی آگاہ ہے۔ کسانوں کی فلاح و بہتری کیلئے ہر ممکن کوششیں کی جا رہی ہیں۔

اہم خبریں سے مزید