کراچی/حیدرآباد(این این آئی)کراچی اور حیدرآباد میں ڈینگی کی وبا، کیسز میں تشویشناک اضافہ ریکارڈ، وزیر صحت سندھ کا کہنا ہے کہ بیماری کا پھیلا ؤ روکنے کیلئے جامع اقدامات کر رہے ہیں، انسدادِ ڈینگی مہمات تیز کر دیں۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی محکمہ صحت کے مطابق رواں سال سندھ میں ڈینگی کے مجموعی کیسز کی تعداد819ہے، جبکہ کراچی کے3بڑے اسپتالوں اور سرکاری شعبے کی لیبارٹری (اور اس کی حیدرآباد میں قائم شاخوں)سے حاصل کردہ اعداد و شمار ایک وبا جیسی صورتحال کی نشاندہی کرتے ہیں، جن کے مطابق صرف 6ہفتوں کے مختصر عرصے میں اصل تعداد 12ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق حکومت نے جولائی میں ڈینگی سے ایک ہلاکت کی تصدیق کی تھی، لیکن آزاد ذرائع کے مطابق حیدرآباد میں ڈینگی کے باعث 4افراد جن میں ایک کم عمر لڑکی، دو مرد اور ایک بزرگ خاتون، اور کراچی میں2افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔حکومت اس بڑے ڈیٹا کے فرق پر خاموش ہے پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) کے ایک سینئر عہدیدار نے سرکاری اعداد و شمار کی ساکھ پر شکوک کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعداد و شمار زمینی حقیقت کی عکاسی نہیں کرتے۔ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز کے جاری کردہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس سال کراچی ڈویژن اور حیدرآباد ضلع میں ڈینگی کے تصدیق شدہ کیسز بالترتیب 579 اور 119 رہے۔